Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

گورنرخیبرپختونخوا کی زیرصدارت صوبہ کی یونیورسٹیوں کے مالی مسائل سے متعلق اعلی سطح اجلاس

شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) گورنرخیبرپختونخواشاہ فرمان کی زیرصدارت صوبہ کی یونیورسٹیوں کے مالی مسائل سے متعلق اعلی سطح اجلاس پیرکے روز گورنرہاؤس پشاور میں منعقد ہوا جس میں یونیورسٹی آف پشاور، اسلامیہ کالج یونیورسٹی،یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈٹیکنالوجی پشاور اور زرعی یونیورسٹی پشاور کے مالی مسائل پر غور کیاگیا۔گورنرنے مذکورہ یونیورسٹیوں کے سربراہان کو ہائرایجوکیشن کمیشن اور محکمہ اعلی تعلیم کے ساتھ مل کرمالی مسائل کے حل کیلئے ٹھوس تجاویز تیارکرکے پیش کرنیکی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ صوبے کی مذکورہ 4 بڑی اعلی تعلیمی درسگاہوں کے مالی اورانتظامی مسائل کو خصوصی ترجیحاتی بنیادوں پر حل کیاجائیگا۔ گورنرخیبرپختونخوا نے اسلامیہ کالج یونیورسٹی کے مالی بحران پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے اسلامیہ کالج کی مکمل اراضی، مالیت اور اس کے استعمال کی مکمل تفصیلات طلب کرلیں۔انہوں نے کہاکہ پتہ چلناچاہیے کہ اسلامیہ کالج کے اثاثے کہاں اور کس طریقے سے استعمال کئے جارہے ہیں اور اسلامیہ کالج کی اراضی اوراثاثوں کے استعمال سے متعلق مکمل حقائق پر مبنی تفصیلات ایک ہفتے کے اندرفراہم کی جائیں۔

گورنرخیبر پختونخواشاہ فرمان کا کہناتھا کہ وہ بطور چانسلر جامعات کودرست سمت پرچلانے کیلئے انتہائی سنجیدہ ہیں،مشترکہ جامع حکمت عملی کے ساتھ یونیورسٹیوں کے مالی مسائل مستقل بنیادوں پرحل کئے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ بعض وائس چانسلرزتعلیمی اداروں کی بہتری اور طلباء کی بہترمستقبل کیلئے درست فیصلے کررہے ہیں،وائس چانسلرایک انتہائی ذمہ دارعہدہ ہے اورذمہ دار ی کو حقیقی معنوں میں ذمہ داری سمجھناچاہئیے۔ اجلاس میں پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر محمدادریس، سیکرٹری محکمہ اعلی تعلیم داؤد خان،وائس چانسلر یونیورسٹی آف پشاورڈاکٹرمحمدادریس، وائس چانسلریونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر افتخارحسین اوروائس چانسلر اسلامیہ کالج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر گل مجیدخان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

دریں اثنا گورنرخیبرپختونخواشاہ فرمان نے پشتوادب کے نامورشخصیت، انجمن ترقی پسند مصنفین کے سابق صدر، عالمی پشتو کانفرنس کے چیئرمین،سینئرصحافی وکالم نگار سلیم راز کی وفات پر افسوس کا اظہارکیا ہے۔ پیرکے روز یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں گورنرنے مرحوم کی پشتو ادب کیلئے خدمات کو سراہا اورغمزدہ خاندان سے تعزیت اوردلی ہمدردی کا اظہارکیاہے۔ گورنرنے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کیلئے صبرجمیل کی دعابھی کی ہے۔#


شیئر کریں: