Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام کا دائرہ کار صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز تک توسیع دینے کا فیصلہ

شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان سے منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال ظہیر عباس کھوکھر نے وزیر اعلی ہاوس پشاور میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر صوبے میں پناہ گاہوں کی بہتری اور کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام سمیت معاشرے کے کمزور اور نادار طبقوں کی فلاح و بہبود کے لئے دیگر اقدامات سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں صوبائی دارالحکومت پشاور میں مستحق افراد کو تیار کھانے کی فراہمی کے لئے شروع کردہ کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام کا دائرہ کار صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز تک توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق لوگ اس پروگرام سے مستفید ہو سکیں۔


ملاقات میں صوبے کے مختلف اضلاع میں مسافروں اور دیگر نادار لوگوں کے لئے قائم پناہ گاہوں میں قیام و طعام کے لئے فراہم کی جانے والی سہولیات کو مزید بہتر بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا اور اس سلسلے میں صوبائی حکومت اور پاکستان بیت المال کے درمیان شراکت کار اور تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا جبکہ وزیر اعظم عمران خان کے وڑن کے تحت صوبے میں معاشرے کے کمزور طبقوں کی فلاح و بہبود کے لئے شروع کئے گئے تمام پروگرامز کو موثر اور منظم انداز میں چلانے کے لئے ایک مشترکہ حکمت عملی تیار کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔


اس موقع پر بتایا گیا کہ عید الفطر کے بعد پشاور میں مستقل بنیادوں پر قائم کئے جانے والے پناہ گاہ کے باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ پناہ گاہوں کا قیام اور کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام کا اجراءفلاحی ریاست کے قیام کے لئے وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی تکمیل کی طرف اہم اقدامات اور صوبائی حکومت ان غریب پرور اقدامات کو منظم انداز میں چلانے اور انہیں کامیاب بنانے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ ایم ڈی بیت المال نے اس سلسلے میں ذاتی دلچسپی لینے اور بھر پور تعاون فراہم کرنے پر وزیر اعلی محمود خان کا شکریہ ادا کیا۔
<><><><><><><>

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کا سنیٹر فلک ناز کے والد کے انتقال پر اظہار تعزیت و افسوس

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے سنیٹر فلک ناز کے والد کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔
یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلی نے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ درایں اثناءوزیر اعلی نے رکن صوبائی اسمبلی صاحبزادہ ثنا اللہ کی والدہ کے انتقال پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحومہ کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
<><><><><>

دریں اثنا وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے لکی مروت میں انڈس ہائی وے پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار کی شہادت پر لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلی نے شہید کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کے لئے خیبر پختونخوا پولیس کے جوانوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ وزیر اعلی نے واقعے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکار کی جلد صحت یابی کے لئے بھی دعا کی ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
48176