Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیراعلیٰ کے زیرصدارت پیڈوپالیسی بورڈ اجلاس، بزنس ماڈل کی منظوری دیدی گئی

شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) پختونخوا انرجی ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن (پیڈو) کے پالیسی بورڈ کا ساتواں اجلاس وزیراعلیٰ خیبرپختونخوامحمود خان کی زیر صدارت جمعہ کے روز وزیراعلیٰ ہاﺅس میں منعقد ہوا جس میں متعدد دیگر فیصلوں کے علاوہ پیڈو کیلئے بزنس ماڈل کی منظوری دے دی گئی۔ اس بزنس ماڈل کا مقصد صوبے میں توانائی کے منصوبوں کی فنڈنگ کیلئے پیڈو کا صوبائی حکومت پر انحصار کو ختم کرنا اور اسے مالی لحا ظ سے ایک خود کفیل اور منافع بخش ادارہ بنانا ہے۔ بزنس پلان کے تحت توانائی کے میگا منصوبوں کیلئے فنڈنگ کا بندوبست کرنے کے سلسلے میں پیڈو کیلئے ایک قابل عمل حکمت عملی وضع کی گئی ہے۔اس بزنس پلان کے مطابق پیڈو دیگر اقدامات کے علاوہ توانائی کے مکمل شدہ منصوبوں سے حاصل ہونے والی منافع کی رقم اگلے چند سالوں تک سرکاری خزانے میں جمع کرنے کی بجائے توانائی کے نئے منصوبوں پرخرچ کر سکے گا۔


ایڈ یشنل چیف سیکرٹری شکیل قادر، سیکرٹری انرجی اینڈ پاور محمد زبیر، چیف ایگزیکٹیو آفیسر پیڈو نعیم خان کے علاوہ پالیسی بورڈ کے دیگر ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔ پالیسی بورڈ نے 215 میگاواٹ آسریت۔ کیدام ہائیڈرپاور پراجیکٹ اور496 میگاواٹ لوئرسپات گاہ پاور پراجیکٹ کی تعمیر پر پیشرفت کیلئے پیڈوایوالویشن کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں متعلقہ تعمیراتی کمپنیوں کو این او سیز جار ی کرنے کی مشروط منظوری دیتے ہوئے پیڈو کو اس سلسلے میں تمام قانونی لوازمات کو پورا کرنے اور مروجہ پالیسی پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں پیڈو مینجمنٹ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں خیبرپختونخوا ہائیڈرو اینڈ رینویبل انرجی ڈویویلپمنٹ کیلئے پلاننگ کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کیلئے پیشرفت کی بھی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے صوبے میں جاری توانائی کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو اپنی حکومت کی اہم ترجیحات کا حصہ قرار دیتے ہوئے پیڈو حکام کو ان اہم منصوبوں پر ٹائم لائنز کے مطابق عملی پیشرفت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ پیڈو کیلئے بزنس پلان کی منظوری کو ایک اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس سے پیڈو کو نہ صرف مالی لحاظ سے اپنے پاﺅں پر کھڑا کرنے بلکہ ایک منافع بخش ادارہ بنانے میں بھی مدد ملے گی۔
<><><><><><><>

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے اراکین صوبائی کابینہ اور پارلیمانی سیکرٹریوں کے اپنے حلقوں اور حجروں میں لوگوں سے عید ملنے اور دیگر میل جول پر پابندی عائد کردی

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ )عید الفطر کے موقع پر کورونا وبائکے مزید پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے ایک اہم قدم کے طور پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے اراکین صوبائی کابینہ اور پارلیمانی سیکرٹریوں کے اپنے حلقوں اور حجروں میں لوگوں سے عید ملنے اور دیگر میل جول پر پابندی عائد کردی ہے۔ وزیراعلیٰ نے تمام صوبائی وزراء، مشیروں، معاونین خصوصی، پارلیمانی سیکرٹریوں اور ممبران صوبائی اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ وہ عوام الناس کے تحفظ کیلئے عید الفطر کے موقع پر اپنے حلقہ ہائے نیابت میں حجروں اور دیگر مقامات پر لوگوں سے عید ملنے جیسی سرگرمیوں سے گریز کریں اور عید کیلئے حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ نے اس سلسلے میں باقاعدہ ہدایت نامہ جاری کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ محمود خان نے کہاہے کہ عید الفطر کے موقع پر کورونا وبائکے مزید پھیلنے کا خدشہ ہے جس کے پیش نظر اراکین صوبائی کابینہ اور ممبران صوبائی اسمبلی وسیع تر عوامی مفاد میں ایسی تمام سرگرمیوں سے گریز کریں تاکہ عید کے موقع پر اس وبائکے بڑے پیمانے پر متوقع پھیلاﺅ کو روکا جا سکے اور اس مہلک وبائسے شہریو ں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔
<><><><><><>


دریںاثناوزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کوروناسے سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر علی اکبر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلی نے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ کورونا وبا کی صورتحال میں ڈاکٹروں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت فرنٹ لائن پر خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کی خدمات اور قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
<><><><><><>


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
48113