Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبائی ٹاسک فورس اجلاس ، تمام سیاحتی مقامات 8 سے 16 مئی تک مکمل بند کرنے کا فیصلہ

شیئر کریں:

شاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) خیبر پختونخوا میں کورونا صورتحال کا جائزہ لینے اور کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کے حوالے سے صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد کورونا کا اجلاس وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی زیر صدارت جمعرات کے روز منعقد ہوا جس میں صوبائی وزراء چیف سیکرٹری، آئی جی کے پی پولیس اور کورکمانڈر پشاور نے شرکت کی۔اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کے گئے حوالے سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے میڈیا کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی بہترین حکمت عملی کی بدولت صوبے میں کورونا مثبت کیسز بالخصوص زیادہ متاثرہ اضلاع میں بھی تیزی سے کمی آرہی ہے صوبے میں اس وقت مثبت کیسز کی شرح 8 سے 9 فیصد ہے۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں تمام سیاحتی مقامات 8 سے 16 مئی تک مکمل بند کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے جبکہ اس سلسلے میں دیگر صوبوں سے بھی صوبے کے سیاحتی مقامات اور بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند کرانے کے لئے رابطہ کیا جائیگا اس کے علاوہ سیاحتی مقامات کی انتظامیہ شناختی کارڈ چیک کرکے غیر مقامی افراد کے خلاف کاروائی کریں گی معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ صوبے میں لاک ڈاون کے دوران گروسری اور اشیا خوردنوش کی دکانیں 6 بجے تک کھلے رہیں گے جبکہ ادویات، دودھ اور دہی کی دکانیں 24 گھنٹے کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

معاون خصوصی نے اجلاس کے حوالے سے مزید بات کرتے ہوئے کہاکہ اجلاس میں وزیراعلی نے ہیلتھ استعداد کار بڑھانے کی تعریف کی اور یہ استعداد مزید بڑھانے سمیت متعلقہ حکام کو صوبائی سطح پر بھی کورونا ویکسین خریدنے کی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام نے اجلاس کوبتایاکہ اب تک صوبے میں ڈھائی لاکھ افراد کی ویکسنیشن کی جاچکی ہے جبکہ صوبے کو اب تک 6لاکھ 49ہزار ڈوز ملے ہیں اور روزانہ تقریبا 25ہزار ویکسین لگائی جارہی ہے انہوں نے ڈاکٹر سمیت تمام فرنٹ لائن ورکرز کے خدمات کو سراہا اور کہا کہ فرنٹ لائن ورکرز کو پہلے مرحلے میں ویکسین لگائی جارہی ہے۔

معاون خصوصی کامران بنگش نے عید الفطر کی آمد کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی نے تما م وزراء اور ایم پی ایز کو عیدلفطر کے موقع پر حجرے بند رکھنے اور اجتماعات سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے کیونکہ عوامی نمائندے ہونے کے ناطے حکومتی وزراء اور اراکین کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عید پر اجتماعات پر گریز کریں اوراس سلسلے میں کورونا سے بچاوٗ کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کیلئے عوام کو آگاہی بھی دیں انہوں نے کہا کہ صوبے کی تمام ضلعی انتظامیہ متعلقہ اداروں کے تعاون سے عید الفطر، جمعتہ الوداع اور چاند رات کیلئے حکومت کی جانب سے وضع کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمدیقینی بنائیں گے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
48067