Chitral Times

Apr 16, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ڈی ایچ کیو ہسپتال چترال میں قائم کورونا ویکسنیشن سنٹرمیں شدید بدانتظامی،انتظامیہ خاموش

شیئر کریں:

چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال چترال میں قائم کورونا ویکسنیشن سنٹر میں شدید بد انتظامی دیکھنے میں آئی جہاں سینکڑوں افراد کاونٹر تک پہنچنے کے لئے ایک دوسرے کو دھکے دیتے ہوئے آگے بڑھتے چھ فٹ کا فاصلہ برقرار رکھنے کی ایس او پی کی دھجیاں بکھیرتے رہے جن میں خواتین اور ضعیف العمر افراد بھی شامل تھے جوکہ دوردراز سے آئے تھے۔

اس موقع پر موجود کئی افراد نے کہاکہ گزشتہ کئی دنوں سے ہسپتال کے کورونا سنٹر میں یہی صورت حال ہے جہاں کئی گھنٹوں تک یہی دھکم پیل کا سلسلہ جاری رہتا ہے کہ اتنے میں ہسپتال کا عملہ ویکسین کے خاتمے کا اعلان کرتے ہیں تو وہ واپس لوٹ جاتے ہیں اوراگلے دن واپس آتے ہیں۔

عمر رسید ہ اور جوان خواتین کو بھی اس شوروغل میں بے بس پائے گئے جوکہ دوسروں کو دھکے دے کر آگے بڑھنے سے معذور تھے۔موقع پر موجود افراد کا کہنا تھا کہ ویکسنیشن کے لئے ایک سے ذیادہ ڈیسک قائم کرکے اس رش پر قابو پایا جاسکتا تھا لیکن ہسپتال انتظامیہ نے خاموشی کا لبادہ اوڑھ رکھا ہے۔

https://www.facebook.com/watch/?v=459920805066080

https://fb.watch/5gYG2ACDHz/

ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شمیم ویکسنیشن کے لئے آنے والوں کو درپیش مسئلے کے بارے میں کہاکہ اس نے سنٹر کا ابھی ابھی دورہ کرکے مشکل کو اپنی آنکھوں سے دیکھ لیا ہے اور اسے دور کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے ذمہ داری ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر لویر چترال پر ڈالتے ہوئے کہاکہ ویکسنیشن کے لئے آنے والوں کی اکثریت کا تعلق کریم آباداور پرسان سے ہے جن کے لئے شوغور کے مقام پر سنٹر کھولنا چاہئے تھا۔

ڈپٹی کمشنر لویر چترال حسن عابد سے جب رابطہ کیا گیا تو وہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہاکہ وہ گزشتہ پندرہ بیس دنوں سے رخصت پر ہونے کی وجہ سے یہ مسئلہ پیش آیا ہوگا۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر ڈاکٹر حیدر الملک کے ساتھ رابطہ ان کے رخصت پر ہونے کی وجہ سے نہ ہوسکا۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر کی عدم موجودگی میں ویکسنیشن کے لئے فوکل پرسن ڈاکٹر فرمان نظار نے شوغور میں واقع بیس ہیلتھ یونٹ میں کورونا ویکسنیشن سنٹر کے قیام کو ناگزیر قرار دیا لیکن انہوں نے کہاکہ اس کے لئے ڈائرکٹر جنرل ہیلتھ سے منظوری لینا ضروری ہے جس کے لئے پروپوزل تیار ہے اور ڈی ایچ او ڈیوٹی پر واپس آنے کے بعد اس پر دستخط کرنے کے بعد پشاور بھیج دیا جائے گا۔

ہسپتال کے کورونا ویکسنیشن سنٹر میں موجود افراد کی اکثریت کریم آباد، مداشیل اور پرسان سے تعلق رکھنے والے معمر افراد کی پائی گئی جن میں خواتین بھی شامل تھے۔ ان کا کہنا تھاکہ شوغور میں انتظام نہ ہونے کی وجہ سے انہیں یہاں آنا پڑ رہا ہے۔ چترال کے عوامی حلقوں نے ڈی ایچ او، ڈی سی اور ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کو اس کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔

Dhq hospital vacination chitral2

شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
47979