Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبائی حکومت مزدور اور محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود کیلئے ٹھوس اقدامات اُٹھارہی ہے۔۔وزیراعلیٰ

شیئر کریں:

عالمی یوم مزدور کے موقع پر وزیر اعلیٰ محمود خان کا پیغام

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ معاشرے میں محنت کش طبقہ کی عزت ، وقار اور حقوق کا تحفظ کئے بغیرترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ،قومی ترقی اورخوشحالی میں محنت کش طبقے کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ صوبائی حکومت اپنے منشور کے مطابق صوبے میں مزدور اور محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔عالمی یوم مزدور کی مناسبت سے یہاں سے جاری اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ مزدوروں کا عالمی دن محنت کی عظمت اورقومی ترقی میں محنت کش طبقے کی اہمیت اور کلیدی کردار کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مزدوروں کی فلاح و بہبود اور ان کا تحفظ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں ، محنت کشوں خصوصاً کانو ں میں کام کرنے والے مزدوروں کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے موثر قوانین سازی کے ساتھ ساتھ میکینیکل مائننگ متعارف کروانے پر کام جاری ہے ۔صوبائی محکمہ محنت کی طرف سے مختلف شعبوں میں متعدد منصوبے مکمل کئے گئے ہیں ، ریگی للمہ پشاور میں 2056 فیملی فلیٹس کی تعمیر کے منصوبے پر کام تقریباً مکمل ہے ۔

محنت کشوں کے بچوں کیلئے 713.475 ملین روپے کی مجموعی لاگت سے 18 ورکنگ فوکس گرائمر سکول اور 9 ووکیشنل انسٹیٹوٹس قائم کئے گئے ہیں ۔ علاوہ ازیں پراونشل ہوم بیسڈ ورکر بل اور ہوم بیسڈ ورکرز پالیسی کے مسودے تیار کرلئے گئے ہیں، اسی طرح خیبرپختونخوا آکوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ بل کے مسودہ کی جانچ پڑتال مکمل کی گئی ہے۔ صوبے میں چائلڈ لیبر سروے پر کام جاری ہے جو 2021 ءکے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا ، صوبائی حکومت نے صنعتی تربیت کے اداروں اور صنعتوں کو ایک دوسرے سے منسلک کرکے صنعتوں کے لئے درکار تربیت یافتہ افرادکی تیاری کا اہتمام کیا ہے۔ اس اقدام کامقصد محنت کش افراد کیلئے روزگار کے باعزت اور پرکشش مواقع فراہم کرنا ہے۔ اسی طرح صوبے میں صنعتوں کے فروغ کیلئے پر کشش صنعتی پالیسی کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ صوبے میں زیادہ سے زیادہ کارخانے لگا کر محنت کشوں کیلئے زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع فراہم کئے جا ئیں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ کوروناکی موجود ہ صورتحال میں مزدور طبقے کو درپیش مشکلات کا صوبائی حکومت کو احساس ہے اور حکومت ان کو درپیش مشکلات کم کرنے اور انہیں زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔اُنہوں نے عندیہ دیا کہ صوبائی حکومت اگلے بجٹ میں یومیہ اُجرت پر کام کرنے والے طبقے کو ریلیف دے گی ۔

جنوبی کوریا کے سفیر سوہ سنگ پیو کی وزیراعلیٰ محمود خان سے ملاقات

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے پاکستان میں تعینات جنوبی کوریا کے سفیر سوہ سنگ پیو(Suh Sangpyo) نے جمعہ کے روز وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر صوبے میں پن بجلی اور بلدیات کے شعبوں میں جنوبی کورین سرمایہ کاری کے علاوہ مذہبی سیاحت کے فروغ سے متعلق معاملات پر گفتگو ہوئی اور مختلف شعبوں میں جنوبی کورین سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے پر اُصولی اتفاق کیا گیا ۔ صوبائی وزراءتیمور سلیم جھگڑااور اکبر ایوب بھی اس موقع پر موجود تھے۔


اپنی گفتگو میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم ہیں اور موجودہ حکومت اُن تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور مذہبی سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور اس وقت غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے ماحول انتہائی سازگار ہے ، صوبائی حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات اور مراعات فراہم کر رہی ہے جبکہ صوبے میں مذہبی سیاحت کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ جنوبی کورین سفیر نے کہا کہ مختلف جنوبی کورین کمپنیاں صوبے میں پن بجلی اور بلدیات کے شعبوں سمیت دیگر شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتی ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت کسی بھی شعبے میں جنوبی کورین سرمایہ کاری کا نہ صرف خیر مقدم کرے گی بلکہ اس سلسلے میں تمام تر سہولیات فراہم کرے گی ۔

Cm met south korean ambassador

شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
47876