Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

جلوزئی نیا پاکستان ہاﺅسنگ اسکیم کا بدست وزیراعظم افتتاح,رہائشی فلیٹس کم امدنی والے لوگوں کو دئے جائںگے

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے جلوزئی میں نیا پاکستان ہاﺅسنگ اسکیم کے تحت رہائشی فلیٹس کی تعمیر کے منصوبے کو متوسط اور کم آمدنی والے لوگوں کو رہائشی سہولیات کی فراہمی کیلئے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے وژن کی تکمیل کی طرف ایک اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبہ 3300 ملین روپے کی لاگت سے 18 ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کیا جائے گاجس میں کم آمدنی والے لوگو ں کو آسان اقساط پر رہائشی فلیٹس فراہم کئے جائیں گے۔ یہ منصوبہ 150 کنال اراضی پر محیط ہوگا جس پر 1320 فلیٹس تعمیر ہوں گے اور تمام رہائشی فلیٹس قرعہ اندازی کے ذریعے میرٹ کی بنیاد پر کم آمدنی والے لوگوں کو دیئے جائیں گے۔

وہ بدھ کے روز جلوزئی نوشہرہ میں نیا پاکستان ہاﺅسنگ اسکیم کے تحت کم آمدنی والے لوگوں کیلئے رہائشی فلیٹس کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں وزیراعظم عمران خان نے اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ وزیراعلیٰ نے نیا پاکستان ہاﺅسنگ اسکیم کے تحت ان فلیٹس کی تعمیر کو غریب اور متوسط طبقوں کی فلاح و بہبود کیلئے موجودہ حکومت کا ایک اہم منصوبہ قر ار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی تاریخ میں یہ پہلی دفعہ ہے کہ موجوہ حکومت نے معاشرے کے غریب اور متوسط طبقوں کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد عملی اقدامات اور منصوبے شروع کئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت ہاﺅسنگ اور تعمیر ات کے شعبوں کو ترقی دے کر لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کیلئے وزیراعظم عمران خان کے وژن کی نہ صرف بھر پور حمایت کرتی ہے بلکہ اُس پر عمل درآمد کیلئے بھر پور اقدامات اُٹھارہی ہے اور ایسے تمام منصوبوں کو ٹائم لائنز کے مطابق مکمل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔


ہاﺅسنگ کے شعبے میں صوبائی حکومت کے دیگر منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ضلع ہنگو میں بھی کم آمدنی والے لوگوں کیلئے ہاﺅسنگ سکیم شروع کی گئی ہے جہاں پر لوگوں کو پلاٹس فراہم کئے جا چکے ہیں۔ پشاور میں ہائی رائز فلیٹس کے تین منصوبوںکے علاوہ مردان، چارسدہ اور سوات میں بھی ایسے منصوبوں پر کام جاری ہے۔اُنہوںنے مزید کہاکہ ہاﺅسنگ کے شعبے میں صوبائی حکومت کا میگا منصوبہ پشاور ماڈل ٹاﺅن ہے جہاں پر بھی کم آمدنی والے لوگوں کیلئے رہائشی پلاٹس دیئے جائیں گے اس کے علاوہ سوڑیزئی ہاﺅسنگ اسکیم کیلئے نیا پاکستان ہاﺅسنگ اتھارٹی کے ساتھ مفاہمت کی یاداشت پر دستخط ہو چکے ہیں۔ محمود خان نے کہا کہ صوبائی حکومت غریب اور متوسط طبقے کی فلاح و بہبود کیلئے شروع کردہ رہائشی منصوبوں کے علاوہ احساس پروگرام،رحمت للعالمین سکالرشپ اور پناہ گاہوں کے قیام سمیت وزیراعظم کے تمام ایسے اقدامات کو کامیاب بنانے کیلئے بھر پور معاونت فراہم کرے گی۔


شیئر کریں: