Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبائی حکومت نے نجی سطح پر فروٹ اینڈ ویجٹیبل مارکیٹس کے قیام کیلئے ماڈل بائی لاز کو حتمی شکل دیدی

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبرپختونخوا حکومت نے نجی سطح پر فروٹ اینڈ ویجٹیبل مارکیٹس کے قیام کیلئے ماڈل بائی لاز کو حتمی شکل دے دی ہے ۔ یاد رہے کہ صوبائی کابینہ نے اپنے سابقہ اجلاس میں مجوزہ بائی لاز کے مسودہ کی اُصولی منظوری دیتے ہوئے اسے مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا تھا اور اس سلسلے میں اہم تجاویز پیش کی تھیں۔نجی سطح پر ان منڈیوں کے قیام کا مقصد اس شعبے میں مسابقتی عمل کو فروغ دے کر چند لوگوں کی اجارہ داری کو ختم کرنے اور عوام کو سستی قیمتوں پر سبزیوں اور پھلوں کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے ۔ صوبائی کابینہ کی تجاویز کی روشنی میں مذکورہ بائی لاز کو حتمی شکل دینے کیلئے ایک اجلاس پیر کے روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں منعقد ہوا جس میں صوبے میں فروٹ اینڈ ویجٹیبل مارکیٹس کے قیام کیلئے مجوزہ بائی لازکے مسودے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ وزیر بلدیات اکبرایوب ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز ، سیکرٹری محکمہ بلدیات ، سیکرٹری زراعت ، سیکرٹری قانون ، ایڈوکیٹ جنرل اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔

اجلاس کے شرکاءنے فروٹ اینڈ ویجٹیبل مارکیٹس کے قیام کیلئے ماڈل بائی لاز کے مسودے پر تفصیلی غور و خوض کیا اور ضروری ترامیم کے بعد مسودے کو حتمی شکل دے دی گئی ۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ مجوزہ فروٹ اینڈ ویجٹیبل مارکیٹس کے قیام کا مقصد عوام کو نجی شعبے کے ذریعے معیاری پھلوں اور سبزیوں کی فراہمی یقینی بنانا ہے ۔ اس مقصد کیلئے ہر دو کلومیٹر کے بعد ایک مارکیٹ قائم کرنے کی گنجائش موجود ہو گی ۔ مذکورہ مارکیٹوں میں مجاز حکام کی طرف سے منظور شدہ نرخ نامے عوام کیلئے نمایاں جگہ پر آویزاں کئے جائیں گے ، جس کی خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

اعلیٰ اور کم معیار کے پھلوں یا سبزیوں کو باہم مکس کرکے فروخت کرنے کی ہر گز اجازت نہیں ہو گی اور مارکیٹس میں صفائی ستھرائی یقینی بنانے کیلئے کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کا ایک باضابطہ نظام موجود ہو گا۔ اسی طرح مارکیٹس کے اندر عوام کی سہولت کیلئے سائٹ پلان اور منظور شدہ ڈیزائن کے مطابق پبلک ٹوائلٹ بھی تعمیر کئے جائیں گے ۔وزیراعلیٰ نے محکمہ بلدیات کو ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں ان مارکیٹوں کے قیام ، اُن کے بہتر انتظام و انصرام اور وہاں پر خریداروں کی سہولیات کی فراہمی کے علاوہ صفائی ستھرائی کے مناسب انتظام کو یقینی بنانے کیلئے ہر ضروری اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی ۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
47362