Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

مفت کھانا فراہم کرنے کا پروگرام “کوئی بھوکا نہ سوئے”کومزید تین شہروں تک توسیع دی گئی

شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) احساس پروگرام کے تحت محنت کشوں ، دیہاڑی داروں اور دیگر مستحق افراد کو مفت کھانا فراہم کرنے کیلئے شروع کردہ پروگرام “کوئی بھوکا نہ سوئے” کومزید تین شہروں تک توسیع دی گئی جن میں پشاور، لاہور اور فیصل آباد شامل ہیں۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اسلام آباد اور روالپنڈی میں بطور پائلٹ پراجیکٹ اس پروگرام کا پہلے ہی سے اجراءکیا تھا۔ اتوار کے روز ایک ورچوئل تقریب میں اس پروگرام کا مذکورہ بالا تین شہروں میں بھی اجراءکیا گیا ۔

وزیراعظم عمران خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔ تقریب میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبائی دارلحکومت پشاور میں اس پروگرام کا باقاعدہ اجراءکیا۔ پروگرام کے تحت پشاور کے مختلف علاقوںمیں فوڈ ٹرکوں کے ذریعے اُن دیہاڑی داروں ، محنت کشوں اور دیگر مستحق افراد کو مفت کھانا فراہم کیا جائے گا جو لنگر خانوں تک رسائی نہیں رکھتے۔ ابتدائی طور پر صوبائی دارلحکومت کے مختلف علاقوں میں چار ٹرکوں کے ذریعے 4000 افراد کو کھانا پہنچایا جائے گا جس کے لئے روٹس متعین کئے جا چکے ہیں ، بعد میں پروگرام کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔ یہ پروگرام صوبائی محکمہ سماجی بہبود ، پاکستان بیت المال اور سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے باہمی تعاون سے شروع کیا گیا ہے صوبائی حکومت نے مستحق افراد تک کھانا پہنچانے کیلئے فوڈ ٹرکس پاکستان بیت المال کو فراہم کئے ہیںجبکہ سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ ان افراد کیلئے خوراک کا انتظام کرے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ موجودہ حکومت کے احساس پروگرام کے تحت ” کوئی بھوکا نہ سوئے” پروگرام کا اجراءفلاحی ریاست کے قیام اور وزیراعظم عمران خان کے وژن کی جانب ایک اور عملی پیشرفت ہے۔ اُنہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت معاشرے کے مالی لحاظ سے کمزور اور غریب لوگوں کی فلاح کیلئے نظر آنے والے اقدامات کررہی ہے ۔ اب تک احساس پروگرام کے تحت متعدد اقدامات شروع کئے جا چکے ہیں جن سے معاشرے کے مستحق افراد مستفید ہو رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ غریب طبقے کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات اُٹھانا موجودہ حکومت کی ترجیحات کا اہم ترین حصہ ہے اور صوبائی حکومت وزیراعظم عمران خان کے فلاحی ریاست کے قیام کے وژن کی تکمیل کیلئے تمام جاری اقدامات سے بھر پور تعاون کررہی ہے ۔

اُنہوںنے ” کوئی بھوکا نہ سوئے” پروگرام کے کامیاب اجراءپر وزیراعظم عمران خان ، احساس پروگرام کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور ان کا خصوصی شکریہ ادا کیااور یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت اس پروگرام کو منظم انداز میں چلانے کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی ۔ وزیراعلیٰ نے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ اور پاکستان بیت المال کے منتظمین کا بھی شکریہ ادا کیا۔صوبائی کابینہ ممبران ہشام انعام اﷲ، کامران بنگش، ایم پی اے سمیرا شمس ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیازاور دیگر نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔

CM Mahmood launching Ehsas koi bhuka na soye

شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
47324