Chitral Times

Apr 2, 2023

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

تریچ پوکیڑگول کے مقام پر پہاڑی پتھر لگنے سے ایک طالب علم جان بحق جبکہ دوسرا زخمی

شیئر کریں:

چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) بالائی چترال کے علاقہ تریچ میں پہاڑی پتھر لگنے سے ایک شخص جان بحق جبکہ دوسرا زخمی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ دن بارش کے دوران اپر چترال میں تریچ کے مقام پر پوکیڑ گول میں پہاڑی پتھر لگنے سے ایک طالب علم ذاکر اللہ ساکن سمتج تریچ اور اسکا ساتھی زخمی ہوگئے تھے، ذاکر اللہ کے سر اورگردن پر پتھرلگنے سے شدید زخمی ہونے پر پشاور پہنچاکر کمپلیکس ہسپتال میں داخل کردئیے گئے تھے جو زخموں کی تاب نہ لاتے آج چل بسا ہے۔ جبکہ دوسرے ساتھی کے پاوں پر پتھر لگا تھا جوزخمی ہیں۔
زرائع کے مطابق ذاکر اللہ کراچی میں زیر تعلیم تھے جو حافظ قرآن اور قاری ہونے کے ساتھ مذید دینی تعلیم حاصل کررہے تھے۔ اور حال ہی میں امتحان دیکر چھٹی پر گھر آئے تھے اور گزشتہ دنوں کی شدید بارشوں کے نتیجے میں تریچ روڈ پوکیٹرگول کے مقام پر پہاڑی پتھر کا نشانہ بنا ۔

علاقے کے عمائدین کے مطابق پوکیڑ گول کے مقام پر ماضی میں بھی پتھر لگنے سے بہت سے افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق مذکورہ مقام پر روڈ کے متبادل پل تعمیر کرکے لوگوں کو مذید نقصانات سے بچایا جاسکتا ہے۔ انھوں نے منتخب ممبران اسمبلی سے پوکیڑ گول کے مقام پر پل تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی وزیرزادہ نے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت کی طرف سے ذاکر اللہ کے خاندان کے ساتھ مالی معاونت کا اعادہ کیا ہے۔ اسی طرح چترال کے ایم این اے عبد الاکبر چترالی نے بھی اظہارتعزیت کرتے ہوئے انتہائی افسوس کا اظہار کیا ہے۔


شیئر کریں: