Chitral Times

Apr 25, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

امتحانی ہالوں میں کیمرے نصب کیے جائیں،امتحانات مذید لیٹ نہیں کرسکتے،سکولزعید تک بند رہیںگے۔وزیرتعلیم

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم شہرام خان ترکئی کی زیرصدارت صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز سربراہان کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے کہا کہ ہم امتحانات مزید لیٹ نہیں کر سکتے اسلئے پورے صوبے کے تمام امتحانی ہالوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں اور بغیر کیمرے لگے سکولوں کو امتحانی ہال ہرگز نہ دئیے جائے ۔ انہوں نے کہا کہ میٹرک امتحانات 21 مئی سے اور ایف اے ایف ایس سی امتحانات 17 جون سے شروع ہوں گے۔ کورونا کی وجہ سے زیادہ ریشو والے اضلاع میں صرف جماعت نہم سے بارہویں جماعت تک کے طلبہ کو 19 اپریل سے سکول آنے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ باقی سکولز عید تک بند رہے گی۔ شہرام خان ترکئی نے مزید کہا کہ طلباء اور اساتذہ کی صحت اولین ترجیح ہے تاہم ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد ہو گا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ امتحانات تک کورونا تیسری لہر کی شدت میں کمی آئی ہوگی۔ اجلاس میں ایبٹ آباد، مردان، کوہاٹ، ملاکنڈ، بنوں، ڈی آئی خان، اور پشاور تعلیمی بورڈز کے سربراہان اور محکمہ تعلیم کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، ای پروکیورمنٹ، امتحانات کے لیے کنٹرول رومز کے قیام، تمام تعلیمی بورڈ میں سٹوڈنٹ فیسیلیٹیشن سنٹرز کے قیام، اور سپروائزری سٹاف کے آن لائن ڈیٹا بینک پر بھی بحث ہوئی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ اچھی اور معیاری تعلیم کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے جس کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
47171