Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاورمیں ہوگا،پوپلزئی ہماراساتھ دیں گے۔۔چیئرمین

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ )مرکزی رو یت ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئر مین اور بادشاہی مسجد لاہور کے خطیب و امام مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشاور میں رو یت ہلال کمیٹی کے اجلاس کا مقصدپورے ملک کو وحدت کا پیغام دینا ہے ‘ پشاور کے علماءکے تعاون کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں پورے ملک میں تمام علماءو مشائخ کا تعاون حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہوں ‘ رو یت ہلال کمیٹی کے پلیٹ فارم کو اتحاد و یکجہتی اور امن و رواداری کی پہچان بنانا چاہتا ہوں ‘ میری کوشش ہے کہ پورے ملک میں ایک ہی دن روزہ اور عید ہو‘ امید ہے بفضل خدا اس کوشش میں کا میاب ہوں گے ‘ اور پوری پاکستانی قوم ایک ہی دن عید کی خوشیاں منائے اور رمضان المبارک کے روزوں کا آغاز بھی ایک ہی دن ہوگا ان شاءاللہ حضرت مولانا مفتی شہاب الدین پوپلزئی ایک سنجیدہ اور محب وطن شخصیت ہیں ‘ امید ہے کہ حضرت مولانا مفتی شہاب الدین پوپلزئی ملک میں اتحاد اور وحدت کے لئے ہمارا ساتھ دیں گے ‘ مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ پوری قوم کو بتانا چاہتا ہوں رو یت ہلال کا فیصلہ اور حتمی اعلان شریعت اور شہادت کی روشنی میں ہوگا۔

‘کرونا کی تیسری لہر خطرناک ہے علماءسے اپیل کرتا ہوں کہ کرونا وائرس سے بچاو کیلئے اور عوام کو آگاہی دینے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ‘ حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایس او پیز کی پابندی کی جائے ‘ حکومت پاکستان کی طرف سے کرونا وائرس کو ختم کرنے اور کنٹرول کرنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات قابل تحسین ہیں‘ علماءاپنی کوششوں سے ان اقدامات کو کامیاب بنائیں ‘ پریس کانفرنس میں ڈاکٹر قبلہ ایاز سابقہ چیئر مین اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان‘ مولانا طیب قریشی ‘ مولانا ڈاکٹر حافظ عبد الغفور‘ مولانا فضل جمیل رضوی‘ مولانا پیرعد نان قادری‘ تنظیم الاخوان کے سیکرٹری جنرل طارق اعوان ‘ مولانا عبد الرو ف ‘ مولانا روح اللہ مدنی ‘ مولانا یوسف شاہ اکوڑہ خٹک‘ علامہ عابد شاکری‘ علامہ فخر الحسن کراروی‘ علامہ مقصود سلفی‘ مولانا عتیق اللہ اہلسنت رو یت ہلال کمیٹی پشاور ‘ملک محمود اعوان راہنما مسجد قاسم علی خان پشاور‘ پروفیسر ظفر اللہ جان ودیگر شریک تھے


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
47163