Chitral Times

Apr 19, 2021

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کورونا کے علاج معالجے کو صحت کارڈ پلس میں شامل کردیاگیا،اب علاج مفت ہوگا۔وزیراعلیٰ محمودخان

شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے کے عوام کو زیادہ سے زیادہ علاج معالجے کی مفت سہولیات کی فراہمی کے لئے ایک اور اہم قدم کے طور پر کورونا کے علاج معالجے کو صحت کارڈ پلس اسکیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے نتیجے میں صوبے کے عوام کورونا کے علاوج معالجے کی سہولیات بالکل مفت لگوا سکیں گے۔ وزیر اعلی نے محکمہ صحت کے اعلی حکام کو کورونا کے علاج معالجے کو صحت کارڈ سکیم میں شامل کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر ضروری اقدامات اٹھانے اور جلد سے جلد یہ سارا عمل مکمل کرنےکی ہدایت کی ہے۔ اس سلسلے میں یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے کہا ہے کہ کورونا وبا کی حالیہ صورتحال میں یہ ضروری ہوگیا تھا کہ حکومت لوگوں کو اس وبا کے علاج معالجے کی سہولیات مفت فراہم کرے جس کے پیش نظر کورونا کے علاج معالجے کو صحت کارڈ سکیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ کڈنی ٹرانسپلانٹ اور لیور ٹرانسپلانٹ کو صحت کارڈ اسکیم میں شامل کرنے کا فیصلہ پہلے ہی کیا جاچکا ہے اب کورونا علاج معالجے کو بھی شامل کرنے سے سے یہ اسکیم سماجی تحفظ کی ایک جامع اسکیم بن جائے گی۔ وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا ملک کا واحد صوبہ ہے جو اپنی سو فیصد آبادی کو علاج معالجے کی مفت سہولیات فراہم کر رہا ہے جو صوبائی حکومت کے ساتھ ساتھ صوبے کے عوام کے لئے بھی اعزاز کی بات ہے اور یہ وزیر اعظم عمران خان کے اسلامی فلاحی ریاست کے وژن کی تکمیل کی طرف ایک بہت بڑا قدم ہے۔


شیئر کریں: