Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ حوالے وزیراعلیٰ محمود خان کے زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس

شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے میں جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کو موجودہ حکومت کی اہم ترجیحات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے محکمہ جنگلات اور ماحولیات کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ اس مقصد کے لئے ایک جامع اور مربوط حکمت عملی تحت موثر اقدامات اٹھائے جائیں اور اس سلسلے میں فارسٹ چیک پوسٹوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور فارسٹ گارڈز کی استعداد کار کو بڑھانے پر جلد عملی کام شروع کیا جائے تاکہ صوبے میں جنگلات اور جنگلات حیات کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو مزید ہدایت کی ہے کہ صوبے کے منفرد حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے لئے موزوں مقامات کی نشاندہی کرکے وہاں پر نجی شعبے کے تحت گیم ریزروز کے قیام کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں اور اس مقصد کے لئے نجی سرمایہ کاری کی بھر پور حوصلہ افزائی کی جائے۔

یہ ہدایات انہوں نے گزشتہ روز وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور میں خیبرپختونخوا وائلڈ لائف اینڈ بائیو ڈائیورسٹی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ صوبائی وزیر جنگلات اشتیاق ارمڑ، اراکین صوبائی اسمبلی کے علاوہ چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز، سیکرٹری جنگلات اسلام زیب اور بورڈ کے دیگر ممبران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کی استعداد کار میں اضافہ کرنے اور جنگلی حیات کے شعبے میں ریسرچ کو فروغ دینے کے لیے بورڈ کے ریسرچ کمیٹی کے علاوہ مانیٹرنگ اینڈ ایوالویشن کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ وائلڈ لائف اینڈ بائیو ڈائیورسٹی فنڈ کے قیام کے لئے معاملہ صوبائی کابینہ کو پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مقامی کمیونٹی کا کردار کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے حکام کو ہدایت کی کہ اس مقصد کے لیے مقامی کمیونٹی کی زیادہ سے زیادہ انگیج کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ صوبے میں جنگلی حیات اور دیگر حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے سلسلے میں وائلڈ لائف اینڈ بائیو ڈائیورسٹی بورڈ کے کردار کو مزید موثر بنانے کے لئے اس کی تشکیل نو کرکے اس میں زیادہ سے زیادہ متعلقہ شعبے کے ماہرین اور تحقیق کاروں کو شامل کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ بورڈ اجلاس کے انعقاد میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلی نے ہدایت کی ہے کہ صوبائی حکومت کے تحت قائم تمام بورڈز کے اجلاس ہر تین ماہ بعد باقاعدگی سے منعقد کئے جائیں۔


وزیراعلیٰ کی کورونا کی حالیہ لہر کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے عوام الناس سے احتیاطی تدابیر اور حکومتی احکامات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے کی اپیل

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کورونا کی حالیہ لہر کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے عوام الناس سے پر زور اپیل کی ہے وہ احتیاطی تدابیر اور حکومتی احکامات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ اس وبا کے وسیع پیمانے پر پھیلاو کو روکا جاسکے۔ صوبے کے عوام کے نام اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ کورونا کی تیسری لہر نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے اور روز بروز اس کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز پر عملدرآمد انتہائی ضروری ہوگیا ہے اور صوبائی حکومت اس وبائ کے پھیلاو کو روکنے لئے تمام ترضروری اقدامات اٹھا رہی ہے جن کا واحد مقصد لوگوں کو اس وبائ سے محفوظ بنانا ہے۔وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ حکومت ہر گز نہیں چاہتی کہ تعلیمی، کاروباری اور سماجی سرگرمیوں سمیت دیگر معمولات زندگی بند یا محدود ہوں لیکن صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر حکومت وسیع تر عوامی مفاد میں کچھ سخت فیصلے کرنے پر مجبور ہے جن کا واحد مقصد عوام کو اس خطرناک وباء سے محفوظ بنانا ہے کیونکہ حکومت کے لئے عوام کی جانوں کا تحفظ سب سے مقدم ہے۔


کورونا کی پہلی اور دوسری لہر کے دوران صوبے کے کاروباری حضرات اور علمائے کرام سمیت عوام کے تعاون کو مثالی قرار دیتے ہوئے وزیر اعلی نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ عوام صورتحال کی نزاکت اور سنجیدگی کا ادراک کرتے ہوئے اس دفعہ بھی حکومت کے ساتھ بھر پور تعاون کا مظاہرہ کرے گی۔ وزیر اعلی نے ایک بار پھر عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی اور دوسروں کی جانیں محفوظ بنانے کے لئے حفاظتی تدابیر اور ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں اور اس سلسلے میں حکومتی احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کا مظاہرہ کرکے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔ موجودہ مشکل صورتحال میں علماء کرام ، تاجر برادری اور عوام الناس کے تعاون کو بے حد ضروری قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا ہے انفرادی اور اجتماعی طور پر ذمہ داری کا مظاہرہ کرکے ہی اس مشکل صورتحال سے موثر انداز میں نمٹا جاسکتا ہے۔ اس وبا کو اللہ تعالٰی کی طرف سے ایک آزمائش قرار دیتے ہوئے وزیر اعلی نے دعا کی ہے کہ اللہ تعالٰی قوم کو اس آزمائش میں سرخرو کرے اور تمام ہم وطنوں کو اس وبا سے محفوظ رکھے۔


شیئر کریں: