Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پینشنرز کے مسائل حل ہونگے،آئندہ بجٹ میں انہیں ان کا جائز حق ملے گا۔ تیمور جھگڑا

شیئر کریں:

آل پاکستان پینشنرز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے وفد کی وزیر صحت و خزانہ سے ملاقات


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے کہا کہ پینشنرز کو درپیش مسائل حل کریں گے۔ پینشنرز کو ان کا جائز حق ملے گا جبکہ ان کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کو آئندہ بجٹ میں زیر غور لائیں گے اور انہیں جتنا ریلیف مہیا کر سکے کریں گے۔ صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار آل پاکستان پینشنرز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر اسپیشل سیکریٹری خزانہ محمد ایاز خان اور شاہ محمود بھی موجود تھے۔

آل پاکستان پینشنرز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے وفد کی قیادت الحاج فضل معبود، فدا محمد درانی اور ذاکر اللہ نے کی جبکہ اس موقع پر دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں پیشنرز ایسوسی ایشن کے وفد نے صوبائی وزیر کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور اپنے مطالبات پیش کیے۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ میڈیکل الاؤنس میں اضافہ کیا جائے جبکہ پنشنرز کے بچوں کے لیے تعلیمی قابلیت و اہلیت کے مطابق ملازمتوں میں کوٹہ مقرر کیا جائے۔ بزرگ پنشنرز کی پیشن میں دُگنا اضافے کے ساتھ فیملی پینش کی شرح کو بھی 100 فیصد کیا جائے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ پینشنرز کو درپیش مسائل سے آگاہ ہیں اور آئندہ بجٹ میں انہیں ان کا جائز حق ملے گا۔ صوبائی حکومت کی کوشش ہوگی کہ جتنا ریلیف پینشنرز کو دیا جاسکتا ہو دیا جائے۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ پنشنرز ایسوسی ایشن کے وفد کے مطالبات جائز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنشن رولز پر کام کرنے کی ضرورت ہے اور جلد انہیں سٹریم لائن کریں گے۔ دریں اثناء صوبائی وزیر نے اسپیشل سیکریٹری خزانہ کو ہدایت کی کہ پنشنرز کے مسائل کے حل کے لیے تین محکموں خزانہ، ایڈمنسٹریشن اور اسٹیبلشمنٹ پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
46774