Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

رمضان کے دوران قیمتوں اور انتظامی امور کی نگرانی کیلئے محکمہ داخلہ میں کنٹرول روم بنانے کا فیصلہ

شیئر کریں:

پشاو ر(چترال ٹائمز رپورٹ) خیبر پختونخوا میں رمضان کے دوران اشیائے خوردنوش کی قیمتوں اور انتظامی امور کی نگرانی کے لئے محکمہ داخلہ میں کنٹرول روم بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔کنٹرول روم میں روازنہ انتظامی سیکرٹریز فرائض سرانجام دیں گے۔ کنٹرول روم میں خود ساختہ مہنگائی کی روک تھام اور سیکورٹی معاملات کی بھی کڑی نگرانی کی جائیگی۔ یہ فیصلہ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز کی صدارت میں انتظامی سیکرٹریز کے اعلی سطح اجلاس میں ہوا۔اجلاس میں رمضان سے پہلے انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ انتظامی سیکرٹریز مختلف اضلاع میں قائم سستا بازاروں کے بھی دورے کریں گے اس سلسلے میں سیکرٹریز کو مختلف اضلاع کے دورے کرنے کی ذمہ داریاں بھی سونپ دی گئی ہیں،

چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز ڈسٹرکٹ ایگر یکلچر آفیسر کیساتھ ملکر رمضان سے پہلے سستابازار اور کسان مارکیٹ کے لئے موزوں جگہوں کی نشاندہی یقینی بنائیں اور اپنے  متعلقہ اضلاع میں افطار دسترخوان کے لئے رفاہی اداروں سے رابطے رکھیں،اسکے علاوہ ڈپٹی کمشنرز،لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران اور تاجروں کیساتھ ملکر رمضان حکمت عملی پر کام کریں، انہوں نے کہا کہ ضلعی پولیس افسران اپنے متعلقہ اضلاع میں سیکورٹی پلان تشکیل دیں گے، چیف سیکرٹری نے ٹی ایم ایز اور میونسپل باڈیز کو صفائی کی صورتحال یقینی بنانے کے لئے رمضان سے پہلے پلان تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ رمضان میں اشیاء خوردنوش کی قیمتوں پر کڑی نظررکھی جائیگی اور مصنوعی مہنگائی پیداکرنے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
46715