Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چترال شہر اور گردونواح میں گزشتہ رات سے موسلادھار بارش جاری، پہاڑوں اور بالائی علاقوں میں برفباری

شیئر کریں:

چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز) پیر کے روز سے شروع ہونے والی مسلادھار بارش اور برفباری بغیر وقفہ کے منگل کے روز بھی جاری رہی ۔ جس کے نتیجے میں لواری ٹنل ، کالاش ویلیز رمبور ،بمبوریت ، گرم چشمہ میں برساتی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی تودے گرنے سے روڈ بند ہو گئے ہیں ۔ دروش کے کئی مقامات میں نالوں کا پانی سیلابی شکل اختیار کرنے کی وجہ سے گاڑیاں عبور نہیں کر پا رہی ہیں ۔ ڈی سی کنڑول روم کے مطابق آمدورفت عارضی طور پر بند ہو چکی ہے ۔ اور کئی گاڑیاں لواری ٹنل کے قریب پھنس چکے ہیں ۔ ادھر دیر سائیڈ پر نالہ جسے ٹی ایم اے دیر نے گذشتہ روز صاف کیا تھا ۔ دوبارہ ملبے کا ڈھیر بن گیا ہے ۔ جس سے آمدورفت میں پھر سے رکاوٹ آئی ہے ۔ اس لئے چترال سے اسلام آباد اور پشاور جانی والی مسافر گاڑیاں راستے میں پھنس کر رہ گئی ہیں ۔


ادھر چترال میں سڑکیں پہاڑوں کے دامن سے گزرنے کی وجہ سے بالائی پہاڑوں سے برساتی نالوں میں سیلاب اور پتھر کے تودے گرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ اور لوگ جانی خطرے کے پیش نظر سفر سے گریز کر رہے ہیں ۔ تاہم کسی قسم کی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے ۔ لیکن خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔ کہ بارش مزید جاری رہنے کی صورت میں نقصانات ہو سکتے ہیں ۔ بارش اور برفباری نے ایک مرتبہ پھر لوگوں کو محصور کر لیا ہے ۔ اور سردی پھر سے واپس لوٹ آئی ہے ۔ لوگ گھروں میں آگ تاپنے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔ اس وجہ سے جلانے کی لکڑی کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے ۔ جہاں بہت سارے لوگ شدید بارش سے خوفزدہ ہیں ۔ وہاں چترال کے وہ دیہات جہاں فصلوں کے پانی کی قلت ہے ۔ بارش پر اللہ کا شکر ادا کیا ہے ۔ ان علاقوں میں چترال ٹاون قریبی گاوں اورغوچ ، بروز ، کیسو ، سوئیر ، وارڈپ ، اوسیاک اور موڑکہو شامل ہیں ۔ تیز بارش سے پھلدار پودے جن میں ناشپاتی، سیب ، چیری جن کی کونپلیں حال ہی میں کھل گئی ہیں ۔ سردی سے نقصان پہنچنے کا خد شہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔ بالائی چترال میں بھی کئی مقامات کھوت ، تریچ ، اویر مقامات میں برفباری ہوئی ہے ۔ لیکن انتظامیہ کے مطابق آمدو رفت جاری ہے ۔

garamchashma snowfall
Garam Chashma

شیئر کریں: