Chitral Times

Apr 18, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

مہمند ڈیم کی تعمیر تیزی سے جاری، 2025ء میں مکمل ہو جائے گا۔۔بریفنگ

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) کثیر المقاصدمہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے اور واپڈا قومی اہمیت کے اِس منصوبے کو ہائی فلوسیزن کے دوران 2025 ء میں مکمل کرلیا جائے گا۔ یہ بات لاہور سے تعلق رکھنے والے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے دورے کے موقع پرپراجیکٹ حکام نے بریفنگ کے دوران بتائی۔جنرل منیجرمہمند ڈیم محمد جاوید آفریدی، ڈائریکٹر جنرل سیکورٹی اور لینڈ ایکوزیشن اینڈ ری سیٹلمنٹ بریگیڈیئر امتیاز حسین اور کنٹریکٹر ز بھی اِس موقع پر موجود تھے۔صحافیوں کے وفد کو پراجیکٹ کے دورے کے موقع پر بتایا گیا کہ مہمند ڈیم اپنی ساخت کے اعتبار سے دُنیا میں پانچواں بڑا سی ایف آر ڈی (Concrete face-rock-fill)ڈیم ہے۔ تکمیل پر مہمند ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت مجموعی طور پر 1.2ملین ایکڑ فٹ ہوگی، 800 میگاواٹ پن بجلی پیدا ہوگی، جبکہ نیشنل گرڈ کو سالانہ 2 ارب 86 کروڑ یونٹ سستی پن بجلی مہیا ہوگی اورساتھ ہی پشاور، چارسدہ اور نوشہرہ کے علاقوں میں سیلاب کی روک تھام بھی ممکن ہوسکے گی۔

مہمند ڈیم میں ذخیرہ کئے گئے پانی سے ایک لاکھ 60 ہزار موجودہ اراضی کے علاوہ تقریباً 18 ہزار 237 ایکڑ نئی اراضی بھی سیراب ہوگی جبکہ پشاور کو روزانہ 300 ملین گیلن پانی بھی پینے کے لئے فراہم کیا جائے گا۔ منصوبے سے ہر سال تقریباً51 ارب 60 کروڑروپے کے مساوی فوائد حاصل ہوں گے۔پراجیکٹ حکام نے وفد کو بتایا کہ منصوبے کے لئے تمام ترجیحی اراضی حاصل کی جاچکی ہے اور اِس حوالے سے مقامی قبائل، ضلعی انتظامیہ اور صوبائی حکومت خیبر پختونخوا کا مثالی تعاون اور واپڈا لینڈ ایکوزیشن اینڈ ری سیٹلمنٹ آفیسرز کی انتھک کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔ واپڈا، مقامی لوگوں کی معاشرتی اور معاشی ترقی کیلئے اعتماد سازی کے اقدامات کے تحت پراجیکٹ ایریا میں تعلیم، صحت اور دیگر سہولیات کے منصوبوں پر 4 ارب 53 کروڑ روپے خرچ کرے گا۔وفد کو مزید بتایا گیا کہ مؤثرسیکیورٹی انتظامات کے باعث پراجیکٹ حکام کو منصوبے پر تعمیراتی کام کرنے میں مدد ملی ہے۔بعد ازاں دورے کی یاد گار کے طور پر سووینیئرز کا تبادلہ کیا گیا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
46540