Chitral Times

Apr 16, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کورونا وائر س کی تیسری لہر، سیاحتی مقامات اورہوٹلوں کیلئے نئے ایس او پیز جاری کردیئے گئے

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ) کورورناوائرس کی تیسری لہر کے پیش نظر خیبرپختونخوا میں سیاحت کیلئے نئے ایس اوپیز جاری کردیئے گئے۔ محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق تمام سیاحتی مقامات پر موجود ہوٹلز و دیگر قیام گاہوں پر سیاحوں کے ٹھہرنے کیلئے خصوصی ایس اوپیز وضع کر دئیے گئے ہیں تاکہ تیسری لہر سے ہر ممکن سطح پر بچا جا سکے۔ تفصیلات کے مطابق تمام ہوٹلز و ریسٹورنٹس مالکان نمایاں مقام پر کورونا وائرس سے بچنے اور ضروری احتیاطی تدابیر اپنانے کے حوالے سے ہدایات آویزاں کرینگے۔سیاحت کیلئے آنے والے سیاحوں کاتمام انٹری پوائنٹس پر بخار چیک کیاجائے گا جبکہ ہوٹل انتظامیہ کو تمام سیاحوں کا ڈیٹا رکھنا لازمی ہوگا۔متعلقہ دستاویزات کے مطابق کورونا وائرس کے شبہ یا کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں سیاح کو جلد ہی قریبی ہیلتھ سینٹر سے رجوع کرنا ہوگا جس کے بعد بیمارا سیاحوں کو صحت مند سیاحوں سے الگ رکھنا ضروری ہوگا۔ جگہ جگہ بینرز اور کورونا سے آگاہی کے پمفلٹس تقسیم کئے جائینگے۔ جس میں سماجی فاصلہ رکھنے اور صابن سے بار بار ہاتھوں کو دھونے کی ترغیب دی جائے گی جبکہ رش کم سے کم رکھنا ہوگا۔ ان تمام ایس او پیز کیساتھ سیاحوں کے ہوٹلز اور ریسٹورنٹس آنے اور جانے کے اوقات بھی مقرر کئے جائینگے۔

ہوٹلوں میں کمروں کو ڈس انفیکٹ کرنالازمی ہوگا اور ہوٹلز، ریسٹورنٹس کے عملے کو کورونا سے بچنے کیلئے یونیفارم روزانہ کی بنیاد پر تبدیل کرنی ہو گی جبکہ یونیفارم کو باقاعدگی سے سینیٹائز کیا جائے گا۔ تمام عملہ یونیفارم کیساتھ ساتھ ماسک اور دستانوں کو بھی یونیفارم کا حصہ تصور کریگا۔اگر عملے میں کسی ملازم کو بخاریا کھانسی ہوتو اسے علیحدہ کرنا ہوگا اور تاکہ باقی عملہ بروقت محفوظ رہ سکے۔ ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے کیلئے تمام عملے کو ضروری تربیت بھی حاصل کرنا ہوگی۔ تمام سیاحتی مقامات پر ضلعی انتظامیہ اور حکومت کی جانب سے جاری ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ دستاویزات میں مزید بتایا گیا کہ ٹورآپریٹرز، ٹورگائیڈ اور ٹریول ایجنٹ بھی سیاحتی مقامات کیلئے پلان ترتیب دینے سے پہلے کورونا ایس اوپیزکے حوالے سے تمام سیاحوں کو آگاہ کرینگے۔ سیاحتی مقامات تک رسائی کیلئے استعمال ہونے والی گاڑی کو سفرشروع کرنے سے قبل ڈس انفیکٹ کرنالازمی ہوگا۔ محکمہ سیاحت کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ثقافتی مقامات اور عجائب گھروں کی سیر پر جانے کیلئے بھی سیاحوں کو کورونا سے بچنے کیلئے وضع کردہ ایس اوپیز پر عملدرآمدکو یقینی بنانا ہوگا۔ دستاویزات کے مطابق سیاحتی مقامات پر متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور ضلعی پولیس ایس اوپیز پر عملدرآمد کرانے اور مانیٹرنگ کی ذمہ دارہوں گی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
46517