Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سات جامعات کیلئے وائس چانسلرزتعینات، ڈاکٹر ظاہر شاہ جامعہ چترال کے وائس چانسلر منتخب

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) وزیراعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلی تعلیم کامران بنگش نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کی سات سرکاری جامعات کیلئے وائس چانسلرز کی تقرریوں میں باکردار، باصلاحیت اور وژن رکھنے والے پروفیسرز صاحبان کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے جو کہ متعلقہ جامعات کو نہ صرف جدید خطوط پر استوار کرینگے بلکہ بین الاقوامی جامعات کیساتھ روابط استوار کرانے میں بھی مددگار ثابت ہونگے۔ معاون خصوصی نے بتایا کہ وائس چانسلرز کی تقرریاں تین سالہ مدت کیلئے عمل میں لائی گئی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وائس چانسلران کی تقرریاں باریک بینی کے مراحل سے گزر کر عمل میں لائی جاتی ہیں۔ جس کے لئے ڈیپارٹمنٹ کی سطح پر سرچ اینڈ سکروٹنی کمیٹی بنائی گئی ہے جو کہ امیدواروں کے تحقیقی مقالوں سمیت دیگر کاغذات کی جانچ پڑتال بھی کرتی ہیں۔ کامران بنگش نے یہاں سے جاری بیان میں کہا ہے کہ وی سی صاحبان جامعات کیلئے جامعہ پالیسی مرتب کرینگے اور جامعات کیلئے مستقبل کا لائحہ عمل بھی طے کرینگے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ڈاکٹر ظاہر شاہ، یونیورسٹی آف چترال کے نئے وائس چانسلر متنخب ہوگئے ہیں جبکہ پروفیسر ڈاکٹر امین باچا یونیورسٹی آف بونیر کے نئے وی سی تعینات کئے گئے ہیں۔ اسی طرح ڈاکٹر جہانزیب خان فاٹا یونیورسٹی درہ آدم خیل کے وی سی، پروفیسر ڈاکٹر ضیاالحق خیبر میڈیکل یونیورسٹی اور ڈاکٹر غزالہ یاسمین ویمن یونیورسٹی مردان کی نئے وی سی تعینات کی جا چکی ہیں۔ جبکہ پروفیسر ڈاکٹر محمد مجاہد کو پاک آسٹریا فکشولے انسٹی ٹیوٹ کا ریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔

vice chancllor chitral university dr zaheer notfication

شیئر کریں: