Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

شکایت کی کوئی گنجائش نہیں، پولیو مہم کے دوران ہر بچے تک پہنچا جائے۔۔وزیرصحت/چیف سیکرٹری

شیئر کریں:

پولیو فری پاکستان کے لیے کاوشوں کو مزید مربوط بنانا ہوگا۔ تیمور جھگڑا*
ہر مہم گزشتہ انسداد پولیو مہم سے بہتر ہونی چاہیے۔ وزیر صحت و خزانہ


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) پولیو فری پاکستان کے لیے کاوشوں کو مزید مربوط بنانا ہوگا۔ اس مقصد کے حصول کے لیے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے انسداد پولیو کی ہر مہم کو گزشتہ مہم کے مقابلے میں بہتر بنایا جائے۔ آئندہ چند برسوں تک صوبے کو مسلسل پولیو فری رکھنے کے لیے مختلف حکمت عملی اپناتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان ٹیم ورک کو مزید بہتر بنانا ہوگا۔ شکایت کی کوئی گنجائش نہیں۔ ضم شدہ اضلاع میں انسداد پولیو میں حائل تمام رکاوٹیں دور کر دی گئیں ہیں۔ پولیو عملے کی تربیت پر مزید توجہ دی جائے جبکہ رواں ماہ ہونے والی انسداد پولیو مہم کے لیے محکمہ داخلہ کی جانب سے بہترین سیکورٹی مہیا کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز کی جانب سے سول سیکرٹریٹ کیبنٹ روم میں صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں چیئرپرسن صوبائی قائمہ کمیٹی برائے صحت ایم پی اے رابعہ بصری، سیکریٹری صحت سید امتیاز حسین شاہ، سیکریٹری اطلاعات و تعلقات عامہ ارشد خان، کوآرڈینیٹر نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ، ای او سی خیبر پختونخوا کے کوآرڈنیٹر عبدالباسط، ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، محکمہ تعلیم، محکمہ بہبود آبادی، محکمہ پولیس کے اعلیٰ افسران اور دیگر انتظامی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے اور ضم شدہ قبائلی اضلاع میں انسداد پولیو کے حوالے سے اقدامات اور اس کی راہ میں درپیش چیلنجز پر تفصیلی غور کیا گیا جبکہ کوآرڈینیٹر ای او سی خیبرپختونخوا کی جانب سے گزشتہ اور آئندہ انسداد پولیو مہمات کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر صوبائی وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا کا کہنا تھا کہ صوبے میں آئندہ کچھ سالوں تک مسلسل زیرو پولیو کیسز رکھنے کے لیے ہمیں مختلف حکمت عملی اپنانی ہو گی اور اپنی کاوشوں کو مزید مربوط کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو میں شامل تمام محکمے اس امر پر مبارکباد کے مستحق ہیں کہ عالمی وباء کے دوران بھی کاوشیں جاری رکھ کر اس مرض کو قابو میں رکھا گیا۔

تیمور جھگڑا نے کہا کہ پولیو فری پاکستان کے لیے ہمیں یہ عزم کرنا ہو گا کہ ہر انسداد پولیو مہم گزشتہ مہم سے ہر لحاظ سے بہتر ہو۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو کے لیے یونین کونسل سطح پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ٹیکنالوجی کے استعمال کے ساتھ آگے بڑھنا ہو گا۔چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اضلاع کی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکمے پولیو جیسے موذی مرض کے مکمل خاتمہ کے لئے پوری طرح پر عزم ہیں اور اس میں درپیش چیلنجز کے باوجود پولیو کے خاتمہ میں نمایاں کامیابی حاصل کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کے فیلڈ افسران مزید مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی تمام تر توانائیاں اس مقصد کے حصول میں صرف کریں۔ ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا کہ پولیو عملے کی تربیت پر توجہ دی جائے اور انسداد پولیو مہمات کے دوران مقامی سیاسی، مذہبی اور سماجی شخصیات کو آن بورڈ لیا جائے۔

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز پر زور دیا کہ ہر مہم کے دوران ہر بچے تک لازماً پہنچا جائے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی شکایت کی کوئی گنجائش نہیں۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے کہا کہ گزشتہ مہمات کی طرح رواں ماہ ہونے والی مہم کے لیے محکمہ داخلہ اور پولیس کی جانب سے بھرپور سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔

چیئرپرسن صوبائی قائمہ کمیٹی برائے صحت ایم پی اے رابعہ بصری نے کہا کہ تمام پارلمینٹرین پولیو فری پاکستان کے حصول کے لیے متحد اور محکمہ صحت اور انتظامی افسران کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس موقع پر نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کوآرڈینیٹر برائے انسداد پولیو ڈاکٹر شہزاد بیگ نے انسداد پولیو کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے اجلاس کے شرکاء کو تفصیلاً آگاہ کیا اور کہا کہ پولیو سے صاف صحتمند اور توانا پاکستان کی تشکیل کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔


شیئر کریں: