Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبے بھر کے اقلیتی کمیونٹی کے مستحقین میں ایک کروڑ گرانٹ کے امدادی چیکس تقسیم.وزیر زادہ

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) وزیراعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ نے کہا ہے کہ اقلیتوں کی ترقی اور خوشحالی پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے منشور کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پورے صوبے کے اقلیتی کمیونٹی کے لئے ایک کروڑ روپے کا امدادی گرانٹ دے رہے ہیں جبکہ اسی تسلسل میں چرچ آف پشاور میں اقلیتی کمیونٹی کے مستحقین میں آج 50 لاکھ روپے کے امدادی چیکس تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ اس سکیم کے تحت اقلیتی برادری کے مستحق فرد کو 11 ہزار تین سو روپے دئیے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز چرچ آف پاکستان پشاور میں اقلیتی کمیونٹی میں امدادی چیکس کی تقسیم کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران خان بنگش نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ہے جبکہ دیگر ممبران میں ایم پی روی کمار، ماڈریٹر پریذیڈنٹ چرچ آف پاکستان بشف ہمفری سرفراز پیٹرز ودیگر شامل تھے۔

اس موقع پر معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران خان بنگش اور معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ نے مستحقین میں امدادی چیکس تقسیم کئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کامران خان بنگش نے کہا کہ اقلیتی کمیونٹی کے لوگ اتنے ہی پاکستانی ہیں جتنے ہم ہیں، اقلیتوں کے اتنے ہی حقوق ہے جتنے باقی پاکستانیوں کے ہیں۔ ہمارے معاشرتی اقدار ہمیں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا درس دیتے ہیں۔ ہم نے اقلیتوں کے جان ومال اور مذہبی آزادی یقینی بنانی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت خیبرپختونخوا اقلیتوں کو روزگار کے لئے 15 کروڑ روپے کے گرانٹس دے رہی ہیں، جو کہ اقلیتوں کی ترقی میں ایک گیم چینجر ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کے لئے میدان میں اترا ہوں اور ہر جگہ پر عوام کی آواز بنوں گا۔ ہم نے محروم طبقات کو اٹھانا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے احساس پروگرام کابنیادی مقصد محروم طبقات کو ریلیف دینا ہے، جو ریاست مدینہ کی عکاس ہے۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کی خصوصی ہدایت پر محروم طبقات کو باعزت روزگار دلانے کے لئے منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ اس ضمن میں محکمہ اقلیتی امور اقلیتی برادری کو روزگار کے لئے 15 کروڑ کے گرانٹ دئیے ہیں۔ تقریب سے وزیر زادہ نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ اقلیتی کمیونٹی کی ترقی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران خان بنگش کا تقریب میں شرکت اور تعاون پر خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔ وزیر زادہ نے کہا کہ یہ امدادی چیکس حکومت خیبرپختونخوا اور وزیراعلی محمود خان کی اقلیتی برادری سے محبت کا اظہار ہے۔ہماری کوشش ہے کہ اقلیتوں کی بھلائی کے لئے مزید کام کرے۔ انہوں نے کہا کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع میں اقلیتی کمیونٹی کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے قرضے دے رہے ہیں جبکہ اقلیتی برادری کے لیے ہاؤسنگ سکیمز بھی جلد شروع کر رہے ہیں۔ وزیر زادہ کا کہنا تھا کہ میرے لئے کیلاش اور تمام اقلیتیں برابر ہے، کسی کے ساتھ کوئی ناانصافی نہیں ہونے دینگے۔ تقریب سے ایم پی روی کمار اور بشف ہمفری سرفراز پیٹرز نے بھی خطاب کیا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
46310