Chitral Times

Apr 23, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

مرد اور عورت دونوں کا کردار اس معاشرے میں ضروری ہے۔۔۔ طاہرہ عبدالرحیم

شیئر کریں:


چترال ( چترال ٹائمز رپورٹ ) قرآن وسنت کی روشنی میں خاندانی نظام کو مضبوط اور مستحکم بنانے کے لیے جماعتِ اسلامی حلقہ خواتین کی جانب سے ملک گیر مہم کے تحت ترتیب دئیے گئے پروگرامات ضلع چترال کے تمام یو سیز میں جاری ہیں۔اسی سلسلے کا ایک شاندار پروگرام یو سی بروز گاوں جوٹی لشٹ میں منعقد ہوا۔جس میں ناظمہ ضلع طاہرہ عبد الرحیم سمیت نائب ناظمہ، جنرل سیکٹری الخدمت ویمن ونگ اور دیگر مختلف شعبوں کی نگرانات نے بھی خصوصی شرکت کی۔پروگرام میں علاقے کی با اثر طبقہ سے تعلق رکھنے والی خواتین بھی مدعو تھیں۔کانفرنس کا آغاز انسان کی تخلیق کے بنیادی مقصدکے پروگرام سے ہوا ۔

ناظمہ ضلع طاہرہ عبد الرحیم نےخواتین شرکاء سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعتِ اسلامی حلقہ خواتین نے مضبوط خاندان،محفوظ عورت اور مستحکم معاشرہ کے موضوع پر ملک گیر مہم کے تحت معاشرے میں استحکام خاندان کی اہمیت کو اجاگر کرنے ،طلاق جیسے نا پسندیدہ عمل کے روک تھام،مردوں کو بحیثیت ولی و کفیل ذمہ داریوں کا احساس دلانے اور عورت کو استحکام خاندان کی ذمہ داریوں کا احساس دلانے سمیت معاشرے میں تکریم نسواں کا شعور اجاگر کرنے کی غرض سے مہم چلائی ہے ۔انھوں نے قرآنی آیات و احادیث کا ترجمہ اور تشریح کرتے ہوئے خواتین کو ان پر عائد کردہ فرائض کو ادا کرنے کی طرف توجہ دلائی۔انھوں نے کہا کہ اسلام میں بیرون خانہ تمام سرگرمیوں کی انجام دہی اور فکر معاش کی زمہ داری مرد کی ہے اور مرد کی کمائی سے گھر کا انتظام کرنا ،شوہر کے لیے اطمینان اور سکون کی فضا مہیا کرنا،اسکی خدمت کرنا اور اسکی اولاد کی صحیح تعلیم تربیت کرنا عورت کی ذمہ داری ہے ۔دونوں کو اپنی زمہ داریوں کو کما حقہ اداکرنا بڑا ضروری ہے ۔روز حساب دونوں سے انکی ذمہ داریوں کے بارے میں پوچھا جائے گا۔ان دونوں کا اپنی ذمہ داریوں سے غافل رہنا معاشرے میں بگاڑ کا سبب بن رہا ہے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ اللہ تعالیٰ نےکائنات کو مرد و زن دونوں سے آباد کیا ہے۔دونوں کا وجود ایک دوسرے کے لیے نا گزیر یے دونوں ایک دوسرے کے لیے لباس کی مانند ہیں۔ہاں البتہ مرد کا ایک درجہ عورت سے زیادہ ہے اور وہ ہے مرد کا عورت پر قوام ہونا۔اللہ تعالیٰ نے گھر سے باہر کے سارے معاملات مردوں کے سپرد کیے ہیں۔اس موقع پرجنرل سیکرٹری ویمن الخدمت نے بھی حاضرین سے “بحیثیتِ ماں ہماری ذمہ داری” کے عنوان سے دلنشین گفتگو کی۔انھوں نے حدیث مبارکہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انسان اپنی اولاد کو جو کچھ دیتا یے اس میں سب سے بہتر عطیہ اولاد کی تعلیم و تربیت ہے۔جے آئی یوتھ کی نگران نے یوتھ کو “خاندان میرا سائبان “کے موضوع پر ملٹی میڈیا پر پریزینٹیشن دی۔ اور یوتھ یونٹ سازی بھی کی گئی۔بعد ازان الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ضلع چترال کی نگران نے علاقے کی ضروریات کے پیش نظر علاقے میں الخدمت کمیونٹی سنٹر کھولنے کا اعلان کیا اور اس پر فوری عملدرآمد کرنے کو کہا۔جماعت اسلامی کی طرف سے پیش کردہ پروگرام کو خواتین نے بے حد پسند کیا اور مستحکم معاشرے کے لیے اس کوشش کو سراہا۔پروگرام کا اختتام دعا سے ہوا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
46157