Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سیٹلمنٹ ریکارڈ حوالگی کو ایک سال کیلئے موخراورگیس منصوبہ بحال کیا جائے۔جماعت اسلامی

شیئر کریں:

چترال ( چترال ٹائمز رپورٹ ) جماعت اسلامی ضلع چترال لوئر کی مجلس شوریٰ کا اجلاس اتوار کے دن امیر جماعت اسلامی چترال اخونزادہ رحمت اللہ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں معمول کی کارروائی کے علاوہ درج ذیل قرار داد متفقہ طورپر پاس ہوئی۔

یہ کہ چترال میں قابل کاشت اراضی کی بہت قلت ہے اور مستقل قریب میں لوگوں کو رہائشی مکانات تعمیر کرنے میں بھی مشکلات پیش آسکتی ہیں۔ اس صورت حال میں دیہات کے ساتھ ملحق غیر آباد شاملات کو سرکاری قرار دینا عوام الناس کو بے گھر کرنے کے مترادف ہے۔ لہٰذا جماعت اسلامی چترال کی مجلس شوریٰ مطالبہ کرتی ہے کہ سیٹلمنٹ کے جملہ معاملات کو 1975 کی نوٹیفکیشن کی روشنی میں حل کیا جائے۔ مزید یہ کہ سیٹلمنٹ کے معاملے میں بہت سارے قانونی اسقام اور پچیدگیاں ابھی باقی ہیں اور ان کی تنقیح میں عرصہ لگ سکتا ہے ، لہٰذا یہ بھی مطالبہ کیا جاتا ہے کہ 31 مارچ کو ریکارڈ کی حوالگی کے فیصلے کو جملہ معاملات کی تنقیح تک موخر کردیا جائے۔ جس کے لیے کم از کم ایک سال کا عرصہ لازما درکار ہوگا۔

جماعت اسلامی کی ضلع مجلس شوریٰ چترال کے لیے منظور شدہ گیس پلانٹ منصوبے کے خاتمہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ اور یہ مطالبہ کرتی ہے کہ اس فیصلے پر نظر ثانی کرکے مذکورہ منصوبوں کو بحال رکھا جائے۔ کیونکہ چترال میں سوختنی لکڑی کی قلت کی وجہ سے عوام الناس کو کئی مسائل درپیش ہیں اور دوسری طرف اس ضرورت کی وجہ سے جنگلات کی بے دریغ کٹائی سارا سال جارہی رہتی ہے اور حکومت کی جانب سے ان منصوبوں کے خاتمہ کے فیصلے سے عوام الناس غم و غصہ میں مبتلا ہیں اور حکومت کے خلاف میدان میں نکل سکتے ہیں ۔ لہٰذا اس فیصلے پر بھی لازما نظر ثانی کی جائے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
45865