Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کیلاش کلچر کو محفوظ بنانے کیلئے پالیسی بنا رہے ہیں۔وزیر زادہ

شیئر کریں:

کیلاش وراثت ایکٹ پر کام شروع کرنے کی یقین دہانی۔معاون خصوصی
وفد کا کیلاش کمیونٹی کو صوبائی اسمبلی میں نمائندگی پروزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور وزیراعظم عمران خان کا شکریہ


پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ نے ہفتہ کے روزاپنے دفتر میں کیلاش سے آئے ہوئے قاضیوں کے وفد سے ملاقات کی۔ وفد سے اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیلاش ویلیز ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے قیام سے پورے علاقے کو ترقی ملے گی جبکہ اتھارٹی میں کیلاشی ثقافت کو محفوظ بنانے کے لئے پالیسی بنارہے ہیں۔ ملاقات میں کیلاش میرج ایکٹ پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی جس پر قاضیوں نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر زادہ نے کہا ہے کہ کیلاش کمیونٹی کی عبادت گاہوں کی تعمیر کے لئے رقم مختص کی گئی ہے،کیلاش کلچر ایک تاریخی اور منفرد کلچر ہے، اس کو محفوظ بنانے کیلئے حکومت سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ کیلاش میں تمام کمیونیٹیز کی ترقی کے لئے یکساں کام کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کیلاش کی تین وادیوں میں عبادت گاہوں کی تعمیر کے لئے یکساں فنڈز دئیے گئے ہیں، عبادت گاہوں میں مساجد اور مدارس بھی شامل ہیں، مساجد کی سولرائزیشن کے لئے بھی فنڈز دئیے جا چکے ہیں جبکہ کیلاش کمیونٹی کے قبرستان کے لئے زمین خریدی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم کمیونٹی کے قبرستان کے لئے بھی زمین خرید رہے ہیں۔ تمام کمیونیٹیز کو ایک نظر سے دیکھتے ہیں، سب کی یکساں ترقی چاہتے ہیں،۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر زادہ نے کہا کہ کیلاش میں نئے ایریگیشن چینلز بنا رہے ہیں جس سے نہ صرف مزید علاقے آباد ہو رہے ہیں بلکہ لوگوں کو معاشی طور پر بھی مدد ملیگی۔ ایریگیشن چینلز کی تعمیرات کے لئے صوبائی حکومت نے پہلے سے آٹھ کروڑ روپے جاری کر دئیے ہیں،۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیلاش کمیونٹی کے قاضیوں کے لئے معاوضہ 30 ہزار سے بڑھا کر 40 ہزار کر دیا ہے، صوبائی حکومت آئمہ کرام کے ساتھ ساتھ کیلاش کمیونٹی کے قاضیوں کو بھی ماہانہ وظیفہ سکیم میں شامل کر رہی ہے۔ وفد نے ملاقات کے دوران صوبائی حکومت سے کیلاش کے لئے وراثت کے قانون کو مرتب کرنے کا مطالبہ کیا جس پر معاون خصوصی نے کہا کہ کیلاش میرج ایکٹ کے بعد کیلاش وراثت قانون مرتب کرنے پر بھی کام شروع کیا جائے گا۔ وفد نے کیلاش کمیونٹی سے صوبائی اسمبلی میں نمائندگی دینے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، صوبائی حکومت اور وزیراعظم عمران خان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ وفد میں قاضی بہرام شاہ، قاضی شیر محمد، قاضی لالی گل، قاضی میرقانی، سابقہ اقلیتی چئیرمن شیرزادہ خان وغیرہ شامل تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
45845