Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

نیپرااتھارٹی نےخیبرپختونخواٹرانسمیشن اینڈ گرڈ کمپنی کوچلانے کالائسنس جاری کردیا

شیئر کریں:

نیپرااتھارٹی نے منظوری دے دی،نئی کمپنی کے قیام سے بجلی کی تقسیم وترسیل کے نظام میں بہتری آئے گی
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوااوردیگرٹیم ممبران کی ذاتی دلچسپی،نیپرانے پن بجلی کے 2منصوبوں کے لئے ٹیرف کی بھی منظوری دے دی


پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) خیبرپختونخواحکومت نے توانائی کے شعبے میں ایک اورسنگ میل عبورکرتے ہوئے صوبے میں بجلی کی تقسیم وترسیل کے نظام کی بہتری کے لئے صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ حکومتی سطح پر بنائی گئی خیبرپختونخواٹرانسمیشن اینڈ گرڈ کمپنی کوچلانے کے لئے باقاعدہ طورپر لائسنس حاصل کرلیا ہے۔اس سلسلے میں وفاقی ادارے نیشنل الیکٹرک پاورریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا) نے خیبرپختونخواکو اپنی ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹری بیوشن کمپنی کو چلانے کے لئے لائسنس جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوامحمودخان سمیت صوبائی مشیر توانائی حمایت اللہ خان،سیکرٹری توانائی محمد زبیر خان،چیف ایگزیکٹوپیڈوانجینئرنعیم خان اورچیف ایگزیکٹوخیبرپختونخواٹرانسمیشن اینڈگرڈکمپنی انجینئرمقصودانورکی ذاتی کوششوں سے صوبے میں اپنی نوعیت کی پہلی ٹرانسمیشن کمپنی کو چلانے کا باقاعدہ لائسنس جاری ہواہے۔اس حوالے سے اتھارٹی نے نیپراکے18اے سیکشن کے تحت کمپنی کو لائسنس جاری کرنے کی منظوردی ہے جس کے بعد صوبے میں پن بجلی کے منصوبوں سے پیداہونے والی بجلی کوٹرانسمیشن اینڈ گرڈ سسٹم سے منسلک کیا جائے گااورپیداہونے والی سستی بجلی کو نیشنل گرڈ میں شامل کیاجائے گا۔صوبے میں ٹرانسمیشن اینڈ گرڈ سسٹم سے بجلی کی بلاتعطل فراہمی ممکن بنائی جاسکے گی۔ مزیدبرآں نیپر ااتھارٹی نے کوٹوہائیڈروپاورپراجیکٹ40میگاواٹ ضلع لوئیردیر اورلاوی ہائیڈروپاورپراجیکٹ69میگاواٹ ضلع چترال سے پیداہونے والی بجلی کی فروخت کے سلسلے میں ٹیرف مقررکرنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


گاڑیوں کی چھت پر طلباء کو بٹھانے پر 20 ڈرائیوروں پر جرمانے عائد
شہری گاڑیوں کی چھتوں پر بیٹھنے سے گریز کریں تاکہ جانی و مالی نقصان کا سامنا نہ کرنا پڑے، چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت


پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے گاڑیوں کی چھت پر طلباء کو بٹھانے پر 20 ڈرائیوروں پر جرمانے عائد کر دیئے۔ تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی ہدایت پر ڈی ایس پی ایجوکیشن ٹو ناصر خان اور انکی ٹیم نے رنگ روڈ پر کارروائیاں کرتے ہوئے سکول وین اور دیگر مسافر گاڑیوں کی چھتوں پر طلباء کو بٹھانے کی پاداش میں کئی ڈرائیوروں پر جرمانے عائد کئے۔ ڈی ایس پی ایجوکیشن ٹو نے طلبہ کو گاڑیوں کی چھتوں پر سفر کرنے سے گریز کرنے اور اس سے ہونے والے نقصانات سے متعلق آگاہی بھی دی اور ان کو متنبہ بھی کیا کہ آئندہ چھت پر سوار طلباء کو اس وقت تک پولیس کے پاس روکا جائیگا جب تک ان کے والدین خود آکر پولیس کو اس بات کی یقین دہانی نہ کرائیں کہ ان کے بچے سوزوکیوں اور بسوں کی چھتوں پر سواری نہیں کریں گے۔چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے سٹی ٹریفک پولیس کے حکام کو گاڑیوں کی چھتوں پر سواریاں بٹھانے اور خاص کر طلباء کو بٹھانے کیخلاف کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ شہری بھی گاڑیوں کی چھتوں پر بیٹھنے سے گریز کریں کیونکہ اس طرح گاڑیوں کی چھتوں پر بیٹھنا کسی بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے جبکہ شہریوں اور طلباء کو گاڑیوں کی چھتوں پر بٹھانے والے ڈرائیوروں کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی اور کسی کیساتھ نرمی نہیں برتی جائیگی۔


۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
45835