Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی نے 29سکیموں کی منظوری دیدی

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی نے صوبے کی ترقی کیلئے28616.396ملین روپے لاگت کے سکیموں کی منظوری دیدی ہے۔ یہ منظوری ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ ترقی ومنصوبہ سازی خیبر پختونخوا شکیل قادر خان کی زیر صدارت جمعرات کے روز /ویڈیو لنک کے ذریعے منعقدہ 17واں اجلاس میں دی گئی۔ اجلاس میں پی ڈی ڈبلیو پی کے اراکین اور متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ پی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں صوبے کی ترقی کیلئے33سکیموں بشمول داخلہ، صحت، پانی، شہری ترقی، ڈی ڈبلیو ایس ایس، کھیل/سیاحت، ابتدائی و ثانوی تعلیم، اعلیٰ تعلیم، سڑکوں اور کثیر شعبہ جاتی ترقی کے شعبوں پر تفصیل غور و خوض کیا گیا جن میں 29سکیموں کو منظور جبکہ4سکیموں کو غیر موزوں ڈیزائن کی بنا پر موٗخر کر کے مزید اصلاح کیلئے متعلقہ محکموں کو بھیج دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق داخلہ کے شعبے میں خیبر پختونخوا فارنزک سائنس لیبارٹری پشاور کے قیام کیلئے اراضی کے حصول اور صحت کے شعبے میں نوشہرہ میڈیکل کالج کے قیام کی منظوریاں دی گئیں۔جبکہ پانی کے شعبے میں ضلع ہنگو میں تورہ وری ڈیم منصوبے کے قیام کی منظوری دی گئی۔ اسی طرح ڈی ڈبلیو ایس ایس کے شعبے میں ایبٹ آباد کے مختلف یونین کونسلوں کو پانی کی فراہمی کی سکیموں کی منظوری پی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں کھیل و سیاحت کے شعبے میں منظور کردہ سکیموں میں خیبر پختونخوا میں اہم سیاحتی فیسٹیولز کا انعقاد، ٹورسٹ فیسلیٹیشن سنٹر اور ریسٹ ایریاز، ٹوارزم ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کیلئے فزیبلیٹی سٹڈیز، وانا سپورٹس کمپلیکس جنوبی وزیرستان، کلایہ سپورٹس کمپلیکس اور جمرود کمپلیکس کی درجہ بلندی و بحالی، ثقافتی سرگرمیوں کی ترقی، خیبر پختونخوا میں ٹوارسٹس سپاٹس کی ڈویلپمنٹ کے تحت ضلع سوات میں دوبیر ویلی روڈ کے کے ایچ تا جبہ مانکیال ضلع سوات، املوک درہ باغونہ تا نگرائے کچہ روڈ اور موری مال کلائی پالس ضلع کوہستان تک رسائی سڑک کی تعمیر کیلئے فزیبلٹی سٹڈی و ڈیزائننگ، ثقافتی کمیونٹی کی سرگرمیوں کی ترقی اور قومی /بین الاقوامی ایکسپوژر کیلئے سپانسر شپ اور خیبر پختونخوا میں موٹر سپورٹس ارینا کی فزیبلٹی سٹڈی اور قیام کی منظوریاں دی گئیں۔

اسی طرح اعلی تعلیم کے شعبوں میں منظور کردہ منصوبوں میں کالج فیکلٹی کی استعداد کار میں اضافے کے پروگرام، خیبر پختونخوا میں 10گورنمنٹ کالجز کے قیام،سراروغہ جنوبی وزیرستان میں کیڈٹ کالج کے قیام کیلئے ہیڈ کوارٹر 40ڈویژن کیلئے گرانٹ ان ایڈ,خیبر پختونخوا میں لڑکوں اور لڑکیوں کیلئے 15گورنمنٹ کالجزکے قیام کی سکیمیں شامل ہیں۔ اسی طرح سڑکوں کے شعبے میں ضم شدہ قبائلی اضلاع، سوات، مردان اور ضلع تورغر میں مختلف سڑکوں کی فزیبلٹی اور تعمیر کی منظوریاں دی گئیں۔ جبکہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے شعبے میں زلزلہ سے متاثرہ 760عددسکولوں کی دوبارہ تعمیر اور اسٹیبلشمنٹ و ایڈمنسٹریشن کے شعبے میں ضم شدہ قبائلی اضلاع کیلئے پشاور میں ایم پی ہاسٹل کی تعمیرکی منظوریاں بھی دی گئیں ہیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
45763