Chitral Times

Apr 16, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سرکاری سکولوں کے اساتذہ اورطلباء کو آئی ٹی ایجوکیشن سسٹم پردوماہ کی تربیت دینے کافیصلہ

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبر پختونخوا کے وزیرتعلیم شہرام خان ترکئی سے بین الاقوامی تربیتی ادارے کوڈڈمائنڈ کے وفد نے پشاور میں ملاقات کی اور ادارے کی طرف سے سائنس، ٹیکنالوجی، آرٹس،انگلش اور میتھس کی بہتری کیلئے نئے پروگرام آئی سسٹم پر بریفنگ دی۔ پروگرام کے تحت، کوڈڈ مائنڈز ادارہ خیبرپختونخوا کے سرکاری سکولوں کے اساتذہ اورطلباء کو آئی ٹی ایجوکیشن سسٹم پردوماہ کی تربیت دے گا جس کی تکمیل پر بین الاقوامی لیول کی منظور شدہ اسناد دی جائیں گی۔ پروگرام کے حوالے سے صوبائی وزیرتعلیم شہرام خان ترکئی نے کہاکہ ٹیکنالوجی دور جدید کی اہم ضرورت ہے۔ اس پروگرام کے پائلٹ کی کامیاب تکمیل پر مرحلہ واریہ پروگرام پورے صوبے کے سکولوں میں رائج کیاجائیگا۔ اس پروگرام میں اساتذہ اورطلباء دونوں کی تربیت مرحلہ وار ہوگی۔ پہلے موجود ہ آئی ٹی اساتذہ کو تربیت دی جائیگی جبکہ بعد میں وہی تربیت یافتہ اساتذہ طلباء کو تربیت دیں گے۔اسی طرح آن لائن بھی انٹرنیشنل ٹرینرطلباء کو تربیت دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ دو ماہ کی تربیت کے بعد سرٹیفکیٹس دیے جائیں گے۔ پہلے دو ماہ میں طلباء کو ایپلی کیشن ڈویلپمنٹ ویب ڈویلپمنٹ اورکوڈنگ کیساتھ ساتھ دوسرے ضروری کورسز پڑھائے جا ئیں گے جبکہ پہلے مرحلے کی تکمیل کے بعد مرحلہ وار فیز ۲ میں دوسرے اہم ایڈوانس کورسز پڑھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ یہ کورسز مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہوں گے تاکہ ہمارے طلباء کو پڑھائی کی تکمیل پر روزگار کے مسائل نہ ہوں اور ان کو بآسانی باعزت روزگار بھی مل سکیں۔ شہرام خان ترکئی نے کہاکہ ہمار ے پاس سکولوں میں آئی ٹی کی تمام سہولیات موجود ہیں اور ٹائم ٹیبل میں اس کورس کو پڑھانے کیلئے وقت متعین کیاجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح کے کورسز مارکیٹ کی ضرورت ہے۔ طلباء کے پاس بین الاقوامی اسناد بھی آجائیں گی اور ان کی انٹرنیشنل مارکیٹ تک رسائی بھی ممکن ہوجائیگی۔ جس سے انہیں ہزاروں کی تعداد میں روزگار کے مواقع میسرہوجائیں گے۔انہوں نے کہاکہ اس پروگرام کا پائلٹ پشاور سے شروع کیاجائیگا اور پھر باقی اضلاع تک توسیع دی جائیگی۔بریفنگ کے دوران وزیرتعلیم کو بتایاگیا کہ اس کورس میں طلباء کو تھیوری کیساتھ ساتھ کمپیوٹراورٹیبلٹس پر پریکٹیکل سکھائے جائیں گے اور طلباء کی مختلف مضامین میں بہترراہنمائی کی جائیگی۔ شہرام خان ترکئی نے عندیہ دیا کہ یہ پروگرام نئے تعلیمی سیشن سے شروع کردیاجائیگا اور ایجوکیشن حکام کو ہدایت کی کہ پروگرام کی لانچنگ کیلئے لائحہ عمل اور تیاریوں کو جلد ازجلد حتمی شکل دیں۔ سپیشل سیکرٹری ایجوکیشن، ڈائریکٹر آئی ٹی، منیجنگ ڈائریکٹر آئی ٹی بورڈ اوردیگر حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
45689