Chitral Times

Dec 6, 2021

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیراعلیٰ کی پی ٹی آئی کے بعض اراکین اسمبلی کے اختلافات سے متعلق افواہوں کی سختی سے تردید

شیئر کریں:


پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے سینٹ انتخابات کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے بعض اراکین اسمبلی کے پارٹی سے اختلافات سے متعلق افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ افواہیں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں جن کا حقیقت سے کوئی دور دور کا بھی تعلق نہیں ۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف مخلص اور نظریاتی کارکنوں کی پارٹی ہے جس کے تمام اراکین اسمبلی پارٹی قائد عمران خان کے نظریے کے ساتھ کھڑے تھے، کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، ہمارے پار لیمنٹیرینز عمران خان کے سپاہی ہےں اور وہ بکنے والے نہیں۔


یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ گزشتہ روز گورنر ہاوس پشاور میں وزیراعظم عمران کے ساتھ پارلیمانی پارٹی کی ملاقات میں تمام اراکین اسمبلی ایک پیج پر تھے ، جنہوں نے آنے والے سینٹ انتخابات میں پارٹی کے نامزد امیدواروں کو مکمل سپورٹ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام ارکین اسمبلی نے سینٹ کے ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے پارٹی قیادت کے فیصلوں کی مکمل تائید اور حمایت کرکے اپنی مکمل سپورٹ کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ ہمارے اراکین اسمبلی کا پارٹی قیادت کے ساتھ والہانہ لگاو ¿ اور وابستگی ہے۔ ہماری صفوں میں مکمل اتحاد قائم ہے اور آئندہ بھی رہے گا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن والے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور پیسوں کے زور پر سینٹ انتخابات جیتنے کی کوششیں کر رہے ہیں لیکن انہیں مایوسی اور ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملنے والا، وہ اپنی خیرمنائیں، سینٹ انتخابات میں انہیں بہت بڑا دھچکا لگنے والا ہے۔ محمود خان کا کہنا تھا کہ ہم انتخابات میں شفافیت کے علمبردار ہیں اس لئے شو آف ہینڈز کے ذریعے سینٹ انتخابات کروانا چاہتے ہیں۔ اپوزیشن کی طرف سے شو آف ہینڈز کے ذریعے سینٹ انتخابات کی مخالفت سے واضح ہے کہ وہ ان انتخابات میں بھی بدعنوانی کو فروغ دینا چاہتے ہیں جو کسی صورت ملک میں جمہوریت اور جمہوری اداروں کے لئے درست نہیں۔


وزیراعلیٰ سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولاناسید عبدالخبیر آذاد کی ملاقات، ملک بھر میں ایک ہی دن روزہ رکھنےاورعید منانےپرزور

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولاناسید عبدالخبیر آذاد نے منگل کے روز ان کے دفتر میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں ملک میں ایک ہی دن روزہ رکھنے اور عید منانے کے علاوہ بین المسالک اور بین المذاہب ہم آہنگی سے متعلق مختلف معاملات زیر بحث آئے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے صوبے اور ملک میں ایک ہی دن روزہ رکھنے اور عید منانے کو آپس کے اتحاد اور اتفاق کے لئے انتہائی ضروری قرار دیتے ہوئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو اس سلسلے میں اپنا اہم کردار ادا کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے اس سلسلے میں صوبائی حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے امید ظاہر کی کہ علمائے کرام کے تعاون سے اس دفعہ ملک بھر میں ایک ہی دن روزہ رکھنے اور عید منانے کا خواب پورا ہو جائےگا۔ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے ملک میں بین المذاہب اور بین المسالک ہم آہنگی کے لئے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر صوبہ بھر میں رویت ہلال کمیٹیوں کو فعال اور متحرک بنانے پر اتفاق کیا گیا۔


شیئر کریں: