Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ارندو کسٹم اسٹیشن کے قیام حوالے چترال اکنامک ڈویلپمنٹ فورم کا اجلاس

شیئر کریں:

چترال(نمائندہ چترال ٹائمز)چترال اکنامک ڈیویلپمنٹ فورم کا ایک غیر معمولی اجلاس پیر کے روز ڈی سی کانفرنس روم میں اے ڈی سی (جنرل) حیات شاہ کے زیرصدارت منعقد ہوا جس میں چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا بانی صدر اور FPCCI کے خیبر پختونخوا کے کوارڈینیٹر سرتاج احمد خان بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حاجی سلطان کے دعوت پر طلب کردہ اس اجلاس میں ارندو کے مقام پر کسٹم اسٹیشن کی قیام کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا جو کہ 31مارچ تک متوقع ہے۔

اس موقع پرحاجی سلطان کے علاوہ اےسی دروش عبدالحق، ٹی ایم او دروش کریم اللہ، ٹی ایم او چترال مصباح الدین، ایس ڈی او ٹیلی فون اورڈی ایس پی عبدالمظفر شاہ کےعلاوہ سابق ممبر ضلع کونسل حاجی شیر محمد نے اپنے اپنے شعبہ جات سے متعلق رپورٹ پیش کیا جن پر سیر حاصل بحث ہوئی۔

سرتاج احمد خان نے کہاکہ کسٹم اسٹیشن کا قیام اور اس کے ذریعے افغانستان کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں کا آغاز ایک تاریخ ساز کام ہے جس کے لئے تیاری غیر معمولی پیمانے پر درکار ہے اور یہ فورم اس کے لئے مواقع فراہم کرتی ہے۔

اس موقع پر ارندو میں واقع ہسپتال میں بعض ناپید سہولیات کی فراہمی کے لئے ہیلپنگ ہینڈ نامی این جی او کے نمائندے کی طرف سے سازو سامان کی فراہمی کی پیشکش ہوئی جبکہ ٹی ایم او دروش نے ان سامان کی کراچی سے ارندو تک ڈھائی لاکھ روپے کا کرایہ برداشت کرنے کا عندیہ دے دیا۔

اسی طرح ایس ڈی او پی ٹی سی ایل نے ریڈیو فریکوئینسی کی مدد سے انٹرنیٹ سہولت فراہم کرنے اور نیشنل بنک کے نمائندے نے ارندو کے مقام پر بنک بوتھ اور برانچ کے قیام کے حوالے سے کہا کہ اسٹیشن کے کھل جانے کے ایک ماہ کے اندر تمام مراحل مکمل کئے جائیں گے۔

اجلاس میں ازندو روڈ کی تعمیر کی ڈیزائن میں سروس کوریڈور کے لئے جگہ مختص کرنے کے حوالے سے سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ سے رابطہ کرنے کابھی فیصلہ ہوا۔ ارندو میں پیڈو کے مائکرو ہائیڈل پاور اسٹیشن کی قیام کے ذریعے بجلی کی فراہمی کے ساتھ نیشنل گرڈ سے بھی منسلک کرنےکے لئے متعلقہ اداروں سے رابطہ کرنے کا بھی فیصلہ کیاگیا۔

chitral econmic development forum meeting
chitral econmic development forum meeting2

شیئر کریں: