Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

اپر چترال؛ روٹھی بیوی کو منانے کی کوشش، شوہر کی فائرنگ سے ایک خاتون جان بحق،بیوی سمیت دو زخمی

شیئر کریں:

اپر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) اپر چترال کے وادی یارخون میں ایک شخص نے روٹھی ہوئی بیوی کو منانے میں ناکام ہوکر سسرال میں خون کی ہولی کھیلنے کی کوشش کی اور ہے درپے فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں رشتہ دار خاتون جان بحق اور بیوی و ساس شدید زخمی ہوگئے۔

ایس ڈی پی او مستوج محی الدین نے چترال ٹائمز ڈاٹ کام کو بتایا کہ ملزم جنید اکبر کی بیوی گزشتہ دو سالوں سے ناراض ہوکربانگ پائین میں واقع میکے میں رہ رہی تھی۔ وقوعہ کے وقت ملزم 12بور بندوق لے کر سسرال میں داخل ہوکر مبینہ طور پر گن پوائنٹ پر بیوی شازیہ دختر گل زمان کو ساتھ لے جانے کی کوشش کی اور مزاحمت پر گولیوں کی بوچھاڑ کردی۔انہوں نے بتایا کہ ملزم واردات کے بعد اسلحہ سمیت فرار ہو گئےجن کی تلاش کے لئے تگ ودو جاری ہے اور مختلف مقامات پر ناک بندی کردی گئی ہیں۔

جان بحق خاتون خوش نان دختر سیار خان عمر تقریبا ساٹھ برس ملزم کے سسر کی بہن بتائی جاتی ہے۔ زخمیوں کو تشویشناک حالت میں آر ایچ سی ہسپتال مستوج میں داخل کئے گئے ہیں۔ گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ ملزم کی شازیہ بی بی کے ساتھ دو سال محبت کی شادی ہوئی تھی مگر کچھ عرصے بعد وہ ناراض ہوکر واپس آگئی تھی۔ ملزم چترال کے معروف گلوکار سردار خان کا بیٹا ہے جس کے چترالی گانے 1970ء کے عشرے میں ریڈیو پاکستان پشاور سے نشر ہونے کے بعد سپرہٹ ہوگئے تھے۔


شیئر کریں: