Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

خیبرپختونخوا حکومت کی کالام سوات میں بین الاقوامی طرز کا کرکٹ سٹیڈیم تعمیر کرنے کا فیصلہ

شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) خیبرپختونخواحکومت نے صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے ایک اور اہم قدم کے طور پر کالام میں بین الاقوامی طرز کا ایک کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے ۔ 120 کنال رقبے پر محیط کالام کرکٹ سٹیڈیم کا یہ منصوبہ 358 ملین روپے کی تخمینہ لاگت سے دوسال کے عرصے میںمکمل کیا جا ئیگا ، جس میں دیگر ضروری سہولیات کی دستیابی کے علاوہ بیک وقت چھ ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہوگی۔ مجوزہ اسٹیڈیم کی خاص بات یہ ہوگی کہ اس کے زیادہ تر تعمیراتی کام میں کنکریٹ کی جگہ مصنوعی لکڑی استعمال کی جائے گی تاکہ کالام کے قدرتی حسن کو بحال رکھا جا سکے۔


کالام کرکٹ اسٹیڈیم کے مجوزہ منصوبے پر اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس جمعرات کے روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں مذکورہ سٹیڈیم کا ڈیزائن وزیراعلیٰ کو پیش کیا گیا ۔ وزیراعلیٰ نے مجوزہ ڈیزائن کی اصولی منظوری دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو منصوبے پربروقت عملی کام شروع کرنے کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ سیکرٹری سپورٹس عابد مجید اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس اسفندیار خٹک کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ منصوبے کے مختلف پہلوو ¿ں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کالام میں کرکٹ سٹیڈیم کے قیام اور کھیلوں کے دیگر منصوبوں کے لئے چھ سو کنال سے زائد اراضی دستیاب ہے جس میں سے کرکٹ سٹیڈیم کے لئے صرف 120 ایکڑ اراضی درکار ہے۔

وزیراعلیٰ نے حکام کو ہدایت کی کہ باقی ماندہ اراضی پر ایک فٹبال گراو ¿نڈ اور بڑا پارک تعمیر کرنے کے لئے منصوبہ تیار کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ مذکورہ اراضی پر کرکٹ سٹیڈیم ، فٹبال گراو ¿نڈ اور پارکس کی تعمیر کے ساتھ ساتھ خاطر خواہ رقبے پر شجرکاری کا بھی انتظام کیا جائے تاکہ علاقے کے قدرتی حسن میں مزید اضافہ کرکے وہاں پر ایکو ٹوارزم کو بھی فروغ دیا جاسکے۔ صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کو اپنی حکومت کی اہم ترجیحات کا حصہ قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے ایک جامع منصوبہ بندی کے تحت نتیجہ خیز اقدامات اٹھا رہی ہے۔
<><><><><>


وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا یوم یکجہتی کشمیر( 5فروری) کے موقع پر پیغام


پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی مقبوضہ کشمیر کے عوام کا بنیادی حق ہے اور ہم آزادی کی اس جدوجہد میں کشمیری عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔اُنہوںنے انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں پر زور دیاہے کہ وہ کشمیری عوام پر بھارتی ظلم و ستم کا نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلانے کے سلسلے میں اقوام متحدہ کی قرار داد وں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں، خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے وابستہ ہے ، اس کے بغیرخطے میں دیر پاامن کا قیام ممکن ہی نہیں ۔

یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے یہاں سے جاری اپنے بیان میں وزیراعلیٰ نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی سطح پر حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاہے کہ جس طرح مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام ایک طویل عرصے سے آزادی کیلئے جو جنگ لڑ رہے ہیں اس کی پوری دنیا میں مثال نہیں ملتی۔ اُنہوںنے کہاکہ انشاءاﷲ ان کی جدوجہد ضرور کامیاب ہو گی اور کشمیری بھائی امن او ر خوشحالی کے ساتھ ایک نئی اور آزاد زندگی کا سفر جلد شروع کریں گے ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ خود کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہنے والا بھارت نے گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیری عوام پرجس ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے وہ نہایت ہی قابل مذمت ہے۔ اُنہوںنے کہاکہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے بھارت آئے روز نئے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے ۔ تقریباً گزشتہ ڈیڑھ سال سے جس طرح یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام کے ذریعے بھارت نے کشمیری عوام کا محاصر ہ کر رکھا ہے وہ پوری بین الاقوامی برادری خصوصاً اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے دیگراداروں کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔

اُنہوں نے انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیں اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی قرار دادوںپر من و عن عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کی جانب سے آزادی کی پرامن تحریک انسانی حقوق کے حصول کی ایک لازوال جدوجہد اور مثال ہے جسے کسی صورت دبایا نہیںجاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت مقبوضہ کشمیر کے نہتے اور مظلوم عوام کے حق خود ارادیت کی نہ صرف حمایت کرتی ہے بلکہ تمام دستیاب فورمز پر کشمیری عوام کی آواز اُٹھانے میں پیش پیش ہے ۔ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میںجس انداز میں کشمیر کا مقدمہ اٹھایا ہے اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ۔ پاکستانی عوام اور حکومت وزیرعظم عمران خان کی قیادت میں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی بھر پور سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔


شیئر کریں: