Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چیف سیکریٹری کی اشیاء خوردنوش کی خود ساختہ مہنگائی اورمصنوعی قلت کے خلاف کاروائی کی ہدایت

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے تمام ڈویژنل کمشنرز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ اشیاء خوردنوش کی خود ساختہ مہنگائی سمیت مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے اور اشیائے خوردونوش کی سرکاری نرخنامے کے مطابق فروخت، رعایتی آٹے کی فراہمی سمیت کورونا کے حوالے سے ایس او پیز پر عملدرآمد بھی یقینی بنایا جائے۔

یہ ھدایات انہوں نے جمعرات کے روز  انتظامی سیکرٹریز سمیت  ڈویژنل کمشنرز اور ریجنل پولیس آفیسرز کیساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری کو پرائس کنٹرول، رعایتی آٹے کی فراہمی اور کورونا کے حوالے سے موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی واضح ھدایات ہیں کہ جو بھی اشیاء خوردنوش کی خود ساختہ مہنگائی اور مصنوعی قلت میں پایا جائے اسکے ساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے اور اس کو قانون کے کٹہرے میں لاکر  سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام دکانوں اور مارکیٹوں میں سرکاری نرخ نامے آویزاں کرنے سمیت اس پر عمل درآمد بھی یقینی بنائے انہوں نے مزید کہا ضلعی انتظامیہ سبزی اور فروٹ منڈیوں میں بولی کی نگرانی باقاعدگی سے کریں اور کمیٹیاں تشکیل دیکر روزانہ کے حساب سے چھاپوں کا سلسلہ جاری رکھیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ رعایتی آٹے کی فراہمی بھی ہر صورت میں یقینی بنائی جائے اور سمگلنگ کی روک تھام کے لئے بھی موثر اقدامات کئے جائیں۔

چیف سیکرٹری نے متعلقہ افسران کو متنبہ کیا کہ غفلت برتنے کی صورت میں متعلقہ حکام سے باز پرس کی جائیگی۔ اجلاس کو محکمہ صحت کے سیکرٹری نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کورونا کے مثبت کیسوں   میں کمی آرہی ہے اوراین سی او سی کی جانب سے تقریبا 16000 ویکسین محکمہ صحت کے حوالے کی گئی ہیں۔ صوبے میں 280 ویکسین مراکز قائم کئے گئے ہیں جو باقی صوبوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہیں۔

ڈاکٹر کاظم نیاز نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو کورونا ویکسین کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے کیونکہ ہیلتھ ورکرز ہمارے ہیروز ہے جو فرنٹ لائن پر کورونا کے خلاف لڑ رہے ہیں۔ چیف سیکرٹری نے دریں اثنا یہ ھدایات بھی دی کہ پبلک ٹرانسپورٹ اور سکولوں میں ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر کارکردگی کیلئے خدمات کی فراہمی میں ضلعی انتظامیہ کو ہر حال میں عوام کا اطمینان حاصل کرنا ہوگا۔


شیئر کریں: