Chitral Times

Apr 25, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیراعلیٰ نے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو کورونا ویکسین لگانے کی قومی مہم کا اجرا کردیا

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو کورونا ویکسین لگانے کی قومی مہم کے سلسلے میں صوبے کے ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگانے کی مہم کا باضابطہ اجراءکردیا۔ بدھ کے روز کورونا ویکسینیشن کے اجراءکے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں خیبر پختونخوا کے سات ہیلتھ ورکرز کو کورونا سے بچاو کی ویکسین لگائی گئی، جن میں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے ہاسپٹل ڈائریکٹر ڈاکٹر فیصل شہزاد، اسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد شاہ، اسٹاف نرس عائشہ ظاہر، خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے ڈاکٹر عابد علی، چارج نرس وقار اللہ، لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے چارج نرس طارق رحیم اور ٹیکنیشن سعید اللہ شامل ہیں۔


اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے خیبر پختونخواہ کوابتدائی طور پر سولہ ہزار ویکسین کی پہلی کھیپ موصول ہوئی ہے ، وفاقی حکومت اور این سی او سی کی گائیڈ لائنز کے مطابق یہ ویکسینز صوبے کے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو لگائی جائیں گی۔ ابتدائی طور کورونا ویکسینیشن کے لئے صوبے کے زیادہ متاثرہ آٹھ اضلاع کا انتخاب کیا گیا ہے جن میں پشاور، سوات، ایبٹ آباد، بنوں، ڈی آئی خان، کوہاٹ، مردان اورنوشہرہ شامل ہیں۔ وزیر اعلی نے کہا کہ وہ کورونا ویکسین کی فراہمی کے لئے وفاقی حکومت اور وزیراعظم کے مشکور ہیں جبکہ پاکستان کو کورونا ویکسین کی فراہمی پر ہم دوست ملک چین کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پختونخواہ میں اب تک 3194 ہیلتھ ورکرز کورونا سے متاثر جبکہ32 شہید ہوئے ہیں، کورونا صورتحال میں ہیلتھ ورکرز بشمول ڈاکٹرز ,نرسز ,پیرامیڈکس اور دیگر فرنٹ لائن ورکرز کی خدمات قابل ستائش ہیں اور صوبائی حکومت ان کی بے لوث خدمات اور قربانیوں کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو قوم کا اصل ہیرو قرار دیتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر دوسروں کی جانیں بچانے کے لئے گرانقدر خدمات انجام دے رہے ہیں اور حکومت ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت کورونا کی پہلی لہر سے موثر انداز میں نمٹنے میں کامیاب رہی جبکہ دوسری لہر سے بھی نمٹنے کے لیے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات جاری ہیں، کورونا ویکسین اس وباءسے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے بہت زیادہ مددگار ثابت ہوگی۔ ا س موقع پر وزیر اعلیٰ نے کورونا وبا کی صورتحال میں شاندار خدمات انجام دینے پر فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز میں شیلڈز تقسیم کیں۔
 <><><><><>

وزیراعلی کی سوات پولیس کی طرف سے خواتین پر تشددکے واقعے کا نوٹس


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے سوات میں پولیس کی طرف سے چوری کے الزام میں گرفتار خواتین پر سر عام تشدد کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس کو واقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور واقعے کی تمام پہلوو ¿ں سے تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔


یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے اس واقعے کو شرمناک، پختون روایات کے منافی اور ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے کہا کہ واقعے میں ملوث اہلکاروں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی اور کسی کو بھی اپنے اختیارات سے تجاوز کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔


دریں اثناءوزیر اعلی کی ہدایت کی روشنی میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات نے واقعے میں ملوث سیدو تھانے کے ایس ایچ او رفیع اﷲ سمیت دیگر اہلکاروں کو معطل کرکے لائن حاضر کردیا۔ معطل ہونے والے دیگر اہلکاروں میں سب انسپکٹر ایاز احمد، سپاہی محمد عالم، سپاہی اسحاق اور سپاہی فضل خالق شامل ہیں۔ ان معطل اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کاروائی شروع کردی گئی ہے۔
<><><><><>


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
45128