Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کورونا کی سائنو فارم ویکسین کی پہلی کھیپ پیر کو چین سے پاکستان پہنچ رہی ہے۔۔وزیرصحت

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبر پختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ کورونا کی سائنو فارم ویکسین کی پہلی کھیپ جو کہ 5 لاکھ ویکسین پر مشتمل ہے آج چین سے پاکستان پہنچ رہی ہے اسکے علاوہ اسٹرازینیکہ کی 17 ملین ویکسین کی کھیپ بھی اسی سہ ماہی میں پاکستان پہنچے گی۔ اس سلسلے میں خیبر پختونخوا حکومت نے تیاری مکمل کر لی ہے اور صوبہ بھر میں 280 کورونا ویکسینیشن سنٹرز قائم کئے گئے ہیں جو کہ باقی صوبوں سے سب سے زیادہ ہیں۔ ان سینٹرز میں ویکسین رکھنے کے لیے آئس لائنڈ ریفریجریٹرز کا انتظام کرنے کے ساتھ ساتھ ویکسین کی صوبے اور پھر اضلاع کو منتقلی کے لیے ریفریجریٹڈ گاڑیوں اور سیکورٹی کا بندوست بھی کیا گیا ہے۔

سول سیکرٹریٹ اطلاع سیل میں کورونا ویکسین کے حوالے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ پہلے مرحلے میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ 8 اضلاع پشاور، ایبٹ آباد، نوشہرہ، مردان، سوات، بنوں، ڈی آئی خان اور کوہاٹ کے فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز کو ویکسین لگائی جائے گی جس کے لئے 2484 ہیلتھ سٹاف کو خصوصی تربیت فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 64113 ہیلتھ کئیر ورکرز رجسٹرڈ ہو چکے ہیں اور جو ہیلتھ ورکرز اپنی رجسٹریشن کی تصدیق چاہتے ہیں وہ متعلقہ ہسپتال کی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔ خیبر پختونخوا میں کورونا ویکسینیشن مہم کا آغاز بدھ کے دن سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان خود کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے کامیابی سے نمٹنا صوبائی حکومتوں اور نیشنل کمانڈ آپریشن سنٹر کی مشترکہ کامیابیوں کا نتیجہ ہے۔ وفاقی وزیر اسد عمر کی سربراہی میں این سی او سی کامیابی کیساتھ کورونا چیلنج سے نبردآزما ہے۔ کورونا ویکسین این سی او سی کے ذریعے تمام صوبوں میں تقسیم ہو گی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ این سی او سی کے مطابق ویکسین کی پہلی کھیپ 5 لاکھ ویکسینز پر مشتمل ہے جبکہ اسکے علاوہ مزید 17 ملین ویکسین کی دوسری کھیپ بھی اسی سہ ماہی پاکستان کو مل جائے گی۔انہوں نے کہا کہ فرنٹ لائن ورکرز نے اپنی جانوں پر کھیل کر کورونا کا مقابلہ کیا ہے اور اب بھی کررہے ہیں اسلئے سب سے پہلے انکی جانوں کو محفوظ بنانا ہے تاکہ وہ کورونا مریضوں کی جانیں محفوظ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ کورونا کے سائیڈ ایفیکٹ اور اس حوالے سے افواہوں کے بارے میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر شاہین نے کہا کہ کورونا ویکسین بین الاقوامی سطح پر بھی تصدیق شدہ ہے اور یہاں پر بھی باقاعدہ ٹیسٹ اور تصدیق کے بعد مریضوں کو لگائی جائے گی۔ کورونا ویکسین کا ابھی تک کوئی ری ایکشن ریکارڈ نہیں کیا گیا ہے تاہم پھر بھی ویکسین سنٹرز میں تربیت یافتہ عملہ موجود رہیگا کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں ان سے رابطہ کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام اس حوالے سے کسی قسم کی افواہوں پر کان نہ دھریں۔ عوام کی صحت ہماری اولین ترجیح ہے۔ دریں اثناء وزیر صحت وخزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے عوام سے اپیل کی کہ ویکسین کے حوالے سے افواہیں پھیلانے اور عوام کی جانوں سے کھیلنے سے پرہیز کریں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
44980