Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

اگلی آڈٹ رپورٹ آڈٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے تحت مکمل کمپیوٹرائزڈ تیار کی جائیگی.اڈیٹرجنرل

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) آڈیٹر جنرل آف پاکستان جاوید جہانگیر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے وژن کے مطابق محکمے میں کمپیوٹرائزیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے اور اگلی آڈٹ رپورٹ آڈٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (AMIS کے تحت مکمل کمپیوٹرائزڈ تیار کی جائیگی۔مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے ملازمین کی مانیٹرنگ اور عوام کی شکایات کا ازالہ بروقت ہوگا جس سے محکمے میں شفافیت یقینی ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیات آباد پشاور میں آڈٹ کمپلیکس کے افتتاح کے موقع پر کیا۔افتتاحی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل آڈٹ خیبر پختونخوا لعل محمد، ڈپٹی ڈائریکٹر قادر خان صافی سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ آڈٹ کمپلیکس کے بارے میں ڈائریکٹر جنرل آڈٹ خیبر پختونخوا لعل محمد نے آڈیٹر جنرل آف پاکستان کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کمپلیکس کے قیام سے محکمہ کو کرایہ کی مد میں سالانہ 3 ملین روپے کی بچت ہو گی۔آڈٹ کمپلیکس میں دو ڈائریکٹر جنرلز فرائض سرانجام دینگے اور کمپلیکس کے فیز 2 پر بھی کام جلد شروع ہوجائیگا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے ڈائریکٹر جنرل آڈٹ لعل محمد اور انکی ٹیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ محکمے کو جدید خطور پر استوار کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،تمام چیلنجز کا مقابلہ کرکے آگے بڑھیں گے۔انہوں نے کہا کہ محکمے میں سپیشل آڈٹ یونٹ بنائیں جائیں گے جسکی منظوری وفاقی کابینہ نے دے دی ہے، اسکے علاوہ محکمے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کا عمل جاری ہے جسکے دورس نتائج سامنے آئینگے۔آڈیٹر جنرل نے مزید کہا کہ مارچ کے مہینے میں اسلام آباد میں صوبائی ڈائریکٹر جنرلز سمیت تمام سینئر آفیسرز پر مشتمل اجلاس منعقد کیا جائیگا، اجلاس میں مستقبل کا لائحہ عمل اور اسے عملی جامہ پہنانے کے لئے طریقہ کار وضع کیا جائیگا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
44943