Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

محکمہ صحت نے ڈرگ سیل لائسنس کے لیے آن لائن رجسٹریشن شروع کردی

شیئر کریں:

لائسنس کا 10 دن کے اندر اجراء، محکمانہ امور میں شفافیت آئی گی۔ سیکرٹری صحت سید امتیاز حسین شاہ


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے ذیلی ادارے ڈرگ کنٹرول اینڈ فارمیسی سروسز نے ڈرگ سیل لائسنس کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ آن لائن لائسنسنگ سے 10 دن کے اندر لائسنس کا اجراء ہو گا جبکہ اس سے محکمانہ امور میں شفافیت اور اس کاروبار سے منسلک افراد کو بھی سہولت میسر آئے گی اور وہ اپنے علاقے میں رہتے ہوئے لائسنس کے لیے آن لائن درخواست بھیج سکیں گے۔ ڈائریکٹر جنرل ڈرگ کنٹرول اینڈ فارمیسی سروسز سلیم خان کا اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہنا تھا کہ ڈرگ سیل لائسنس کے خواہشمند افراد ادارے کی ویب سائٹ پر جا کر اپنی رجسٹریشن کروائیں اور درخواست کے ساتھ مطلوب دستاویزات بھیجیں۔ ڈائریکٹر جنرل ڈرگ کنٹرول اینڈ فارمیسی سروسز آن لائن درخواست موصول ہونے کے بعد متعلقہ علاقے کے ڈرگ انسپکٹر کو مطلع کرے گا جو کہ اس دکان یا فارمیسی کی انسپکشن کرنے کے بعد 1 دن کے اندر اندر اپنی رپورٹ آن لائن ہی جمع کرائے گا جس کی ایک کاپی درخواست گزار کو بھی ملے گی۔ محکمہ ڈرگ کنٹرول اینڈ فارمیسی سروسز اہلیت پر پورا اترنے والے درخواست گزار کو محکمانہ کارروائی کے بعد لائسنس کے اجراء کی منظوری دے گا۔ درخواست گزار لائسنس ادارے کی ویب سائٹ یا پھر متعلقہ ڈرگ انسپکٹر کے دفتر سے حاصل کر سکے گا تاہم اس سے قبل اسے لائسنس فیس جمع کرانی ہوگی۔ ڈی جی ڈرگ نے بتایا کہ رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے کے لیے ادارے کی ویب سائٹ پر ایک آگاہی ویڈیو بھی موجود ہے جس میں رجسڑیشن اور آن لائن درخواست کا طریقہ کار بتایا گیا ہے۔ اس حوالے سے سیکرٹری صحت سید امتیاز حسین شاہ کا کہنا تھا کہ آن لائن رجسٹریشن کے آغاز کے بعد درخواست گزاروں کو نہ تو ڈرگ انسپکٹرز کے دفاتر کے چکر لگانے پڑیں گے اور نہ ہی لائسنس کے حصول کے لیے مہنیوں انتظار کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں آن لائن رجسٹریشن سے وقت کی بچت ہو گی وہیں محکمانہ امور میں شفافیت بھی آئے گی۔


شیئر کریں: