Chitral Times

Apr 18, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبائی حکومت کی پشاوریونیورسٹی کے مالی بحران کا نوٹس، بیل آؤٹ پیکج دینےپرغور

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبرپختونخوا حکومت نے جامعہ پشاور کے مالی بحران پر نوٹس لیتے ہوئے وائس چانسلر جامعہ پشاور سے تمام متعلقہ تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ ترجمان خیبرپختونخوا حکومت ووزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے جامعہ پشاور کے مالی بحران کے معاملے پر میڈیا بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلی محمود خان کی ہدایت پر محکمہ اعلی تعلیم جامعہ پشاور کے حوالے سے سفارشات مرتب کرکے محکمہ خزانہ کو ارسال کرے گی۔ جامعہ پشاور کا خسارہ مالی اور انتظامی امور پر مشتمل ہے جس کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ترجمان خیبرپختونخوا حکومت کامران بنگش نے مزید ریمارکس دئیے کہ جامعہ پشاور نے صوبائی حکومت سے 1.4 بلین روپے بیل آؤٹ پیکج دینے کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر کی جانب سے ایسا تاثر دیا جا رہا ہے کہ صوبائی حکومت جامعہ کی امور سے بے خبر ہے لیکن ایسا بالکل بھی نہیں ہے صوبائی حکومت نے اس سے پہلے بھی جامعہ پشاور کی انتظامی و دیگر امور بہتر بنانے کے سلسلے میں فنڈز دئیے ہیں۔ محکمہ اعلی تعلیم جامعہ پشاور کی مالی بحران کے دیرپا حل کے لئے کوشاں ہے تا کہ تاریخی جامعہ کو درپیش مسائل حل ہوں۔ معاون وزیراعلی برائے اعلی تعلیم کامران بنگش نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ پشاور کو بھی انتظامی معاملات و کارکردگی مزید شفاف اور بہتر بنانے کے لیے اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر ایک جامع منصوبہ ڈیزائن کریں گے۔ وزیراعلی کی خصوصی ہدایت پر جامعہ پشاو ر کے مسائل کے دیرپا حل کے لیے سفارشات مرتب کر رہے ہیں۔ تاکہ درپیش چیلنجز کو حل کیا جاسکے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
44773