Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال صحت کارڈ پر شہریوں کے مفت علاج کو یقینی بنائیں۔ تیمور جھگڑا

شیئر کریں:

عوام مطمئن ہو گی تو ہی حکومت مطمئن ہو گی، پینل پر موجود ہسپتالوں کے باہر بورڈز آویزاں کئے جائیں۔ وزیر صحت و خزانہ


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) صحت کارڈ پلس پروگرام میں شامل تمام ہسپتالوں کے باہر بورڈ آویزاں کئے جائیں تاکہ عوام آسانی سے ان ہسپتالوں کا رخ کر سکیں، اس منصوبے میں شامل ڈسٹرکٹ ہیلتھ کوارٹر ہسپتالوں میں مفت صحت سہولیات کی فراہمی اور زیادہ سے زیادہ سروسز مہیا کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں، ان ہسپتالوں اور میڈیکل سپرنٹینڈنٹس کی کارکردگی کو مانیٹر کیا جائے گا، عوام مطمئن ہوں گے تو ہی حکومت مطمئن ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے صحت کارڈ پلس کے پینل پر شامل سرکاری ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹینڈنٹس، فوکل پرسنز اور نمائندوں کے تربیتی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری صحت سید امتیاز حسین شاہ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر نیاز محمد، صحت کارڈ پلس پروگرام کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ریاض تنولی اور اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کے حکام بھی موجود تھے۔ ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹینڈنٹس اور فوکل پرسنز سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اس وقت ہماری ساری توجہ صحت کارڈ پلس پروگرام پر ہے اور صوبے کی 4کروڑ عوام اس منصوبے کو دیکھ رہی ہے۔ سرکاری ہسپتالوں خصوصاً ڈسٹرکٹ ہیلتھ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کو صحت کارڈ پلس پروگرام کے تحت شہریوں کے مفت علاج معالجے اور زیادہ سے زیادہ ہیلتھ سروسز کی فراہمی کے لیے اقدامات اٹھانے ہوں گے۔

صحت کارڈ پلس پروگرام کے پینل پر موجود ڈی ایچ کیو ہسپتالوں اور ان کے میڈیکل سپرنٹینڈنٹس کی کارکردگی باقاعدگی سے مانیٹر کی جائے گی۔ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ہیلتھ سروسز مہیا کرنے والے میڈیکل سپرنٹینڈنٹس کو حکومتی سطح اعزاز سے نوازا جائے گا۔ تیمور جھگڑا نے اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کے حکام کو ہدایت کی کہ پینل پر موجود ہسپتالوں کے باہر صحت کارڈ پلس ہسپتال کا بورڈ آویزاں کیا جائے تاکہ عوام کو آسانی ہو اور وہ بغیر کسی دقت کے ان ہسپتالوں کا رخ کر کے قومی شناختی کارڈ پر مفت علاج معالجہ کرا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام مطمئن ہو گی تو ہی حکومت مطمئن ہو گی۔


شیئر کریں: