Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پشاور بورڈ کے تمام نظام کو ڈیجیٹلائزڈ کردیاجائیگا، مفاہمتی یاداشت پر دستخط

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) ایلیمنٹری اینڈسیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن اورپشاور تعلیمی بورڈ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم شہرام خان ترکئی اورمنیجنگ ڈائریکٹر ظریف المعانی کی موجودگی میں دستخط ہوئے۔ ایم اویو کے تحت ایلیمنٹری اینڈسیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تمام نظام کو ڈیجیٹلائزڈ کردیاجائیگا،طلباء کو واؤچر چیک آٹومیٹیڈ نظام کے ذریعے ملیں گی، آٹومیٹیڈ نظام کے ذریعے ایلیمنٹری اینڈسیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تمام سکولوں اورطلباء کی معلومات ڈیش بورڈ پرموجود ہوگی۔ طلباء کی حاضری سے لیکراساتذہ کی کارکردگی اور سکولوں کی تمام معلومات بھی آن لائن ہوں گی۔ وزیرتعلیم شہرام خان ترکئی نے تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ڈراپ آؤٹ ریشو کو کم کرنے اور مزید طلباء وطالبات کو سکولوں میں لانے کیلئے ایلمنٹری اینڈسیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن بنیادی اہمیت کی حامل ہے۔ جس کے تمام نظام کو ڈیجیٹلائزڈ کردیاگیاہے تاکہ میرٹ وشفافیت برقرار رہے اور غلطی کی کوئی گنجائش نہ ہو۔

انہوں نے کہاکہ واؤچر سکیم کے تحت جن سکولوں کے معاملات ٹھیک ہیں ان کو 45 کروڑ روپے ریلیز کردیے گئے جبکہ دیگر ادائیگی کیلئے سمری محکمہ خزانہ کو بھیج دی گئی ہے۔ شہرام خان ترکئی نے کہاکہ نئے نظام کے تحت ایلمنٹری اینڈسیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تمام سکولوں اورطلباء وطالبات کی معلومات ڈیجیٹلائزڈ ہوگی اورمحکمہ تعلیم پورے سسٹم کی نگرانی بذریعہ ڈیش بورڈ کرے گا۔ ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیرتعلیم شہرام خان ترکئی نے کہاکہ یکساں نظام تعلیم کی پالیسی پرکام جاری ہے جس کے تحت پر پالیسی امسال گریڈ۔1سے لیکر گریڈ5 تک اگلے تعلیمی سیشن سے لاگوکردی جائیگی۔ آنے والے تمام امتحانات اورنقل کی روک تھام کے حوالے سے وزیرتعلیم نے کہاکہ ہرسرکاری اورنجی سکول پر لازم ہوگاکہ امتحانی ہالز میں کیمرے لگے ہوں گے بغیرکیمرے لگے سکولوں کو امتحانی ہالز ہرگز نہیں دیے جائیں گے۔ شہرام خان ترکئی نے منیجنگ ڈائریکٹر ایلیمنٹری اینڈسیکنڈری ایجوکیشن ظریف المعانی اوران کی ٹیم کی بہترین کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ اس ادارے میں اصلاحات کاسلسلہ شروع ہوگیاہے اور بہت جلد یہ مقبولیت کی معراج پرہوگا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
44654