Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی خیبرپختونخوا نے ای-آفس سسٹم متعارف کر دیا

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخو ا کے مشیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ بنگش نے کہا ہے کہ ڈیجییٹل خیبرپختونخوا کی جانب اہم قدم کے طور پر محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی خیبرپختونخوا نے ای-آفس سسٹم متعارف کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ای آفس سسٹم، پہلے مرحلے میں محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی خیبرپختونخوا میں لانچ کر دیا گیا ہے، جبکہ ای آفس سسٹم وزیراعظم عمران خان کے ڈیجییٹل پاکستان وژن کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری دفاتر کے اُمور کو پیپرلیس بنانے اور شفافیت لانے کے لیے ای آفس سسٹم متعارف کیا گیا ہے جس کو پہلے مرحلے میں محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی خیبرپختونخوا میں لانچ کر دیا گیا ہے۔ جبکہ اگلے مرحلے میں تمام سرکاری دفاتر میں یہ سسٹم متعارف کیا جائے گا اور دفتری امور کو ڈیجیٹلائزڈ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ای آفس سسٹم سے دفتری امور تیزی سے نمٹائے جاسکیں گے، سمریاں بھی آن لائن بھیجی جائیں گی۔ ای آفس سسٹم کے نفاذ سے ادارہ جاتی اصلاحات میں سہولت ہو گی اور کارکردگی بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ای آفس سسٹم کے ڈیش بورڈز، وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیکرٹری سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی خیبرپختونخوا کے پاس بھی دستیاب ہونگے اور مشیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی خیبرپختونخوا اور سیکرٹری جب چاہیں گے خود ذاتی طور پر بھی کمپیوٹر کے ڈیش بورڈ پر موجود اس سسٹم کے ذریعے محکمے کے کسی بھی فیصلے پر عملدرآمد کا رئیل ٹائم بنیادوں پر اسٹیٹس چیک کر سکیں گے۔اس سلسلے میں محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی خیبرپختونخوا نے ای آفس کے ذریعے کارکردگی اور شفافیت کو بڑھانے کے لئے تمام سرکاری دفاتر کی کمپیوٹرائزیشن کا آغاز کیا ہے۔ای آفس سسٹم کا مقصد خیبرپختونخوا کے تمام محکموں / منسلک محکموں / ڈائریکٹوریٹس اور خود مختار اداروں میں پیپر لیس فائل سسٹم کو نافذ کرنا ہے تا کہ روایتی فائل سسٹم کو ای آفس سسٹم سے تبدیل کیا جاسکے۔ انہوں نے بتا یا کہ ای آفس ایک الیکٹرانک فائل سسٹم ہے جو سرکاری دفاتر میں روایتی فائل سسٹم کو ای فائل سسٹم / پیپرلیس ماحول میں بدل دیتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ای۔آفس سسٹم کی کامیابی دیگر محکموں کے لئے ایک اچھی مثال ثابت ہوگی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
44610