Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

بینک آف خیبر کا صارفین کی سہولت کے لیے موبائل ایپلیکیشن کا اجرا

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) بینک آف خیبر ڈیجیٹل موبائل ایپ کا افتتاح کردیا گیا- افتتاح بینک آف خیبر کے چئیرمن بورڈ آف ڈائریکٹرز ایڈیشنل چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شکیل قادر خان نے کیا- تقریب میں سیکرٹری فنانس خیبرپختونخوا عاطف رحمان سمیت ایم ڈی خیبر بنک احسان اللہ احسان اور بنک کے سینئر حکام نے شرکت کی- ایپ کے اجراء بینک کو مارکیٹ شیئر میں اضافہ کرنے، بینک کے آپریشنز کی استعداد میں بہتری لانے اور آپریشنل لاگت میں کمی کر کے پائیدار ترقی جیسے کارپورٰیٹ اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہو گا- 190برانچوں پر مشتمل خیبر پختونخو ا کے سب سے مستحکم بینک، دی بینک آف خیبرنے اپنے بینکنگ آپریشنز کو کامیابی سے جدید ترین بینکنگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرلیا ہے-

ایپ کے ذریعے بینک اپنے کسٹمرز کو اب مختلف قسم کی بینک پراڈکٹس اور سروسز ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے فراہم کرنے کے قابل ہو گیا ہے بینک آف خیبر کے کسٹمرز ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے بینک کی بہترین پراڈکٹس اور سروسز سے مستفید ہو سکیں گے۔اڑھائی لاکھ سے زائد کسٹمرز موبائل ایپلیکیشن سے مستفید ہوسکیں گے.نئی ایپلیکیشن سے فنڈز فوری ٹرانسفر، بیلنس چیک، موبائل ٹاپ اپ، آن لائن شاپنگ جیسی تمام سہولیات فراہم ہوں گی-بینک آف خیبر کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چئیرمن ایڈیشنل چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا شکیل قادر خان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ بنک کا کم عرصے میں ڈیجیٹل ایپ پر منتقل ہونا بڑی کامیابی ہے جدید دور کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے صارفین کی سہولت کے مطابق نئی سروسز فراہم کرنا ہوں گی.سیکرٹری خزانہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ عالمی وباء کورونا کے چیلنجز کے باوجود ہم نے پندرہ ماہ سے بھی کم مدت میں بینک کوجدید ٹیکنالوجی پر منتقل کیا ہے بینک کی مینجمنٹ اور ٹیکنیکل ٹیم کی پیشہ ورانہ مہارتوں اور عزم و ہمت کے بغیر ہم یہ سنگ میل حاصل نہیں کر سکتے تھے۔منیجنگ ڈائریکٹر بینک آف خیبر نے اپنے سٹاف کو نئی ٹیکنالوجی پر منتقل ہونے اور ایپ کے اجراء پرمبارکباد دی اور کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ بینک نے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پر کم عرصے میں منتقل ہوکر اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے انہوں نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی بینک آف خیبر کی ڈیجیٹائزیشن کے لئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا-


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
44489