Chitral Times

Apr 23, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

مذاکرات کامیاب، صوبائی ملازمین اسلام آباد احتجاج میں شرکت نہیں کریں گے۔۔شوکت یوسفزئی

شیئر کریں:

پشاو ر(چترال ٹائمز رپورٹ) خیبر پختونخوا حکومت اور ملازمین کی تنظیموں کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے اور صوبائی ملازمین کل اسلام آباد میں ہونے والے احتجاج کی تحریک میں شرکت نہیں کریں گے۔ اس ا مر کا فیصلہ آج پشاور میں ہونے والے ایک مذاکراتی اجلاس میں کیا گیاجس کی صدارت صوبائی وزیر محنت و ثقافت شوکت علی یوسفزئی نے کی۔ اجلاس میں صوبائی حکومت کی طرف سے وزیر خزانہ و صحت تیمور سلیم جھگڑا، وزیر قانون سلطان محمد خان اور سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ مطہر زیب جبکہ ایمپلائیز ایسوسی ایشن کی طرف سے آل پاکستان ایمپلائیز پنشنرز و لیبر تحریک کے صدر محمد اسلم خان، آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) خیبر پختونخوا کے صدر سریر خان سمیت متحدہ اساتذہ محاذ، پیرامیڈکس ایسوسی ایشن میونسپل ایمپلائیز ایسوسی ایشن، کلاس فور ایسوسی ایشن، واپڈا یمپلائیز ایسوسی ایشن اور دیگر متعلقہ تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت ملازمین کے مسائل اور مشکلات حل کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھار رہی ہے اور اس ضمن میں صوبائی کابینہ نے موصوف کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا،وزیر قانون سلطان محمد خان اور سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ مطہر زیب بھی شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمیٹی ملازمین کے تمام مسائل بشمول سروس سٹرکچر، پنڈننگ پروموشن کیسز، ٹائم سکیل، الاؤنسزاور میونسپل ملازمین کے تمام مسائل کا بغور جائزہ لے رہی ہے اور انکے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے کمیٹی اپنی رپورٹ 15دنوں کے اند ر صوبائی حکومت کو پیش کرے گی۔انہوں نے کہا کہ اگر ملازمین مسائل اور مشکلات سے دوچار ہونگے تو ان میں بے چینی بڑھے گی اور وہ اچھے طریقے سے کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکیں گے اس لئے صوبائی حکومت ملازمین کے تمام مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے ان کو حل کرنے کے لئے اقدامات اٹھارہی ہے تاکہ وہ اچھے طریقے سے اپنی خدمات سر انجام دیتے ہوئے پوری دلجمعی کے ساتھ سرکاری امور نمٹا سکیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
44423