Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

آغا خان یونیورسٹی اورمحکمہ صحت خیبرپختونخواکے مابین مفاہمتی معاہدے پر دستخط۔

شیئر کریں:

آئی سی یو اور ایچ ڈی یو عملے کی تربیت، ٹیلی آئی سی کے زریعے بیرون ملک موجود ماہر ڈاکٹرز مریضوں کا علاج کریں گے۔ وزیر صحت و خزانہ


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت اور آغا خان یونیورسٹی میں کورونا کے انتہائی نگہداشت مریضوں کے علاج کی استعداد بڑھانے کے لیے معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں۔ خیبرپختونخوا کے سیکریٹری صحت سید امتیاز حسین شاہ اور آغا خان یونیورسٹی کی جانب سے ڈین ڈاکٹر عادل ایچ حیدر نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جبکہ اس موقع پر وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر نیاز محمد اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ آغا خان یونیورسٹی خیبرپختونخوا کے مخصوص ہسپتالوں میں کورونا آئی سی یوز اور ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس کی استعداد اور صلاحیت کا جائزہ لے گی اور اسے بڑھانے کے لئے اقدامات اٹھائے گی۔ آغا خان یونیورسٹی انتہائی نگہداشت یونٹس میں کام کرنے والے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکس کی تعلیم و تربیت کرے گی جبکہ ہیلتھ ورک فورس کی ٹریننگ سے کورونا کریٹیکل کیئر میں ماسٹر ٹرینرز تیار کیے جائیں گے۔

اسی طرح محکمہ صحت اور آغا خان یونیورسٹی مل کر انتہائی نگہداشت مریضوں کی علاج کے لیے سینٹرل کوآرڈینیشن سسٹم بنائیں گے۔ مفاہمتی یادداشت کے مطابق ٹیلی-آئی سی یو کے ذریعے خیبرپختونخوا کے ڈاکٹرز بیرون ملک موجود ماہر ڈاکٹرز کے ساتھ مل کر یہاں مریضوں کے آپریشنز اور علاج کر سکیں گے اور اس کے ساتھ ساتھ ان کے تجربات سے مستفید ہو سکیں گے۔ قبل ازیں آغا خان میڈیکل کالج کے ڈین ڈاکٹر عادل ایچ حیدر نے وفد کے ہمراہ وزیر صحت و خزانہ سے ملاقات کی اور مفاہمتی یادداشت سے متعلق حوالے بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کریٹیکل کیئر منیجمنٹ میں آغا خان یونیورسٹی کے تعاون سے آئی سی یوز اور ایچ ڈی یوز میں تعینات عملے کی استعداد میں اضافہ ہوگا اور زیادہ سے زیادہ انسانی جانوں کو بچایا جا سکے گا۔ تیمور جھگڑا نے وفد کو خیبرپختونخوا حکومت کے انقلابی منصوبے صحت کارڈ سے متعلق آگاہ کیا اور امید ظاہر کی کہ آغا خان ہسپتال کراچی بھی جلد اس کے پینل پر ہوگا جس سے کراچی میں مقیم خیبرپختونخوا کے شہری مستفید ہو سکیں گے۔


شیئر کریں: