Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

میڈیکل افسران کی ترقیوں کے تمام زیر التواءکیسز کو نمٹانے کیلئے ہوم ورک مکمل کی جائیں۔وزیراعلیٰ

شیئر کریں:


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کورونا وباءمیں ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کی خدمات کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کورونا مریضوں کی جانیں بچانے کی کوشش میں اپنی جانیں قربان کرنے والے طبی عملے کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کورونا سے شہید ہونے والے طبی عملے کے خاندانوں کوامدادی پیکج دینے پر کام کر رہی ہے اور عنقریب ان شہداءکے ورثاکو امدادی پیکج کے تحت چیکس دیئے جائیں گے ۔


ان خیالات کااظہار اُنہوں نے پیر کے روز انصاف ڈاکٹر فورم کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے تنظیم کے صوبائی صدر ڈاکٹر سجاد کی قیادت میں ان سے ملاقات کی اور صحت کے شعبے میں اصلاحات، ڈاکٹروں کے مسائل اور دیگر اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا ، ممبران صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سمیرا شمس ، رابعہ بصری اور آسیہ اسد کے علاوہ محکمہ صحت کے متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وفد نے صوبے کی سو فیصد آبادی تک صحت کارڈ اسکیم کی توسیع اور پشاور انسٹیٹوٹ آف کارڈیالوجی کے افتتاح جیسی اہم کامیابیوں پر وزیراعلیٰ اورصوبائی حکومت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کے ان اقدامات کونہ صرف صوبائی بلکہ قومی سطح پر بھی پذیرائی مل رہی ہے ۔ وفد نے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں آکسیجن کی عدم دستیابی سے مریضوں کی ہلاکت کے واقعے کی بروقت تحقیقات مکمل کرکے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی عمل میں لانے کے سلسلے میں بھی صوبائی حکومت کے کردار کی تعریف کی ۔


وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے میں صحت کے مجموی نظام کو مستحکم کرنا اُن کی حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کے لئے محکمہ صحت میں اہم نوعیت کے اصلاحات متعارف کرائے جارہے ہیں ۔ اُنہوںنے مزید کہاکہ صحت کے شعبے میںمتعارف کروائے جانے والے تمام اصلاحات کے حوالے سے ڈاکٹر کمیونٹی اور دیگر متعلقہ شراکت داروں کی بھر پور مشاورت کی جائے گی تاکہ ان اصلاحات کو تمام شراکت داروں کی بھر پورمشاورت سے کی جائے گی تاکہ ان اصلاحات کو تمام شراکت داروں کا اعتماد حاصل ہو۔ ضم شدہ اضلاع میں محکمہ صحت کے پہلے سے قائم عمارتوں کے بہتر استعمال کیلئے اقدامات کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے کہاکہ محکمہ صحت کو ان عمارتوں کا تفصیلی جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں اوربہت جلد ان عمارتوں کے بہتر استعمال کو یقینی بنانے کیلئے لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا۔


وفد کی طرف سے صوبے میں میڈیکل افسران کی ترقیوں میں تاخیر کے مسئلے کی طرف نشاندہی پر وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ میڈیکل افسران کی ترقیوں کے تمام زیر التواءکیسز کوجلد نمٹانے کے سلسلے میں پراونشل سلیکشن بورڈ کے اجلاس کیلئے پیشگی لوازمات اورہوم ورک جلد مکمل کی جائیں ۔


وفد نے صحت کے شعبے میں صوبائی حکومت کی اصلاحات اور دیگر اقدامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت کو صحت کے شعبے کی بہتری کیلئے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
44192