Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پاکستان میں اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں..وزیر زادہ کا کرسمس اور قائد ڈے پر پیغام

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کیمعاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ نے مسیحی برادری کے مذہبی تہوار کرسمس اور قائد اعظم محمد علی جناح کی یوم ولادت کے حوالے سے جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتیں بالکل محفوظ ہیں اور ان کو دیگر شہریوں کے برابر حقوق دیے جارہے ہیں۔ انہوں نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہے اور اس مد میں مسیحی برادری کو تنخواہیں بھی وقت سے پہلے جاری کی جاچکی ہیں۔ معاون خصوصی نے مزید کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے ایک ایسے پاکستان کی بنیاد رکھی تھی جہاں اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہوں اور ان میں کوئی تفریق نہ ہوں، سب ملکر ملکی ترقی کیلئے ایک وجود کی مانند کام کریں۔ ہماری اقلیتی برادری ملکی ترقی میں برابر کردار ادا کررہی ہے اور ہم سب مل کر وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کی جانب گامزن ہیں۔معاون خصوصی نے پاکستان تحریک انصاف کے منشور کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جس میں اقلیتی برادری کو پوری نمائندگی دی گئی ہے اور ہماری حکومت نے ان کے تحفظ اور ان کی مذہبی آزادی کیلئے انقلابی اقدامات اُٹھائے ہیں۔ وزیراعلٰی محمود خان کی قیادت میں کیلاش قبیلے کیلئے میرج ایکٹ کی منظوری اور اینڈومنٹ کا قیام اقلیت دوست حکومت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے قائداعظم محمد علی جناح کے پاکستان کے ویژن کی حقیقی معنوں میں پیروی کرتے ہوئے اقلیتوں کی مذہبی آزادی اور باہمی رواداری کو یقینی بنا کر نئے پاکستان کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کرتارپور راہداری کی تکمیل سے پاکستان تحریک انصاف کی اقلیتوں کی خوشحالی اور مذہبی ہم آہنگی کیلئے کئے گئے وعدوں کو بھرپور انداز میں پورا کیا ہے، ہماری کوشش ہے کہ اقلیتوں کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مزید کام کریں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
43780