Chitral Times

Apr 16, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وفاقی حکومت،آئی ٹی بورڈ،اورخیبر ختونخوا یونیورسٹیوں کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط

شیئر کریں:

نوجوانوں کے لئے بہترین مواقع فراہم کر رہے ہیں، ضیاء بنگش
خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کے لئے مزید مواقع فراہم کر رہے ہیں، ایم ڈی آئی ٹی بورڈ علی محمود


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو باہنر بنانے اور انکوروزگار کے بہترین مواقع فراہم کرنے کی عرض سے خیبرپختونخوا آئی ٹی بورڈ، پنجاب آئی ٹی بورڈ اور خیبرپختونخوا کے یونیورسٹیوں کے درمیان گزشتہ روز مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے گئے۔ مفاہمتی یاداشت کے مطابق خیبرپختونخوا کے دو اضلاع میں نیشنل اینکوبیشن سنٹر جبکہ تین اضلاع میں نیشنل فری لانس ٹریننگ سنٹر قائم کئے جایئنگے۔ اس حوالے سے گزشتہ روز ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مہمان خصوصی وزیراعلیٰ کے مشیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیا اللہ بنگش، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ کامران بنگش کے علاوہ ممبر صوبائی اسمبلی فیصل امین گنڈاپور، وفاقی سیکرٹری برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شعیب احمد صدیقی، سیکرٹری سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی خیبرپختونخوا ہمایون خان، منیجنگ ڈائریکٹر خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ڈاکٹر صاحبزادہ علی محمود، ڈائریکٹر کے پی آئی ٹی بورڈ عاصم جمشید، پنجاب آئی ٹی بورڈ کے چئیرمین اظفر منظور، پارٹنر یونیورسٹیوں کے وائس چانسلزر و نمائندگان اور دوسرے متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

مفاہمتی یاداشت کے مطابق وفاقی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن، آئی ٹی بورڈز اور یونیورسٹیوں کی اشتراک سے سوات اور کوہاٹ میں نیشنل اینکوبیشن سنٹر جبکہ پشاور، لوئر دیر اور ڈی آئی خان میں نیشنل فری لانس سنٹر قائم کئے جایئنگے۔ملاکنڈ یونیورسٹی، گومل یونیورسٹی اور انسٹیٹیوٹ آف منیجمنٹ سائنسز پشاور میں فری لانس ٹریننگ سنٹر جبکہ کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور یونیورسٹی آف سوات کا انتخاب نیشنل اینکوبیشن سنٹر کے لئے کیا گیا ہے۔ تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ بنگش کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں سے خیبرپختونخوا کے ہزاروں نوجوان مستفید ہونگے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں کی توسیع خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں وفاقی حکومت اور پنجاب آئی ٹی بورڈ کی معاونت سے دی جارہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے سال 2020 کو ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن کا سال قرار دیا تھا جس میں بڑی حد تک کامیابی حاصل کی جاچکی ہے۔ انہوں نے تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کے دوران کہا کہ خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے صوبے کے نوجوانوں کو ملک کے معاشی استحکام میں اپنا قردار ادا کرنے کے قابل بنانے کے لئے موثر حکمت عملی بنائی ہے

تقریب کے دوران خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر علی محمود، چئیرمین پنجاب آئی ٹی بورڈ اور پانچ یونیورسٹیوں کے نمائندگان نے مفاہمت کے یاداشت پر دستحط کئے۔ اس موقع پر ایم ڈی آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر صاحبزادہ علی محمود نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ادارے باہمی تعاون سے ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروع کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے تقریب کے شرکا کا شکریہ ادا کیا اور ان منصوبوں کو صوبے کے لئے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ تقریب کے دوران خیبرپختونخوا آئی ٹی بورڈ اور پنجاب آئی ٹی بورڈ نے انفارمیشن سیکیورٹی کے شعبے میں بھی ایک دوسرے کی معاونت کرنے کے لئے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
43748