Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سوات و چترال سمیت ۷اضلاع میں سافٹ وئیر ٹیکنالوجی پارکس قائم کئے جائینگے۔ایم اویو پردستخط

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروع کو اپنی حکومت کی اہم ترجیحات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا ہے، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے موثر استعمال کے بغیر اس دور میں زندگی کے کسی بھی شعبے میں ترقی کا تصور ممکن نہیں، موجودہ صوبائی حکومت آئی ٹی کے موثر استعمال کے ذریعے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی، نوجوانوں کو روزگا کے مواقع فراہم کرنے، حکومتی معاملات میں شفافیت کو یقینی بنانے اور سرکاری محکموں کی استعداد کار کو بہتر بنانے کیلئے ایک جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز پاکستان سافٹ وئیر ایکسپورٹ بورڈ اور خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق ، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیااللہ بنگش اور وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ مفاہمت کی یادداشت کے تحت دونوں اداروں کے باہمی اشتراک سے صوبے کے مختلف اضلاع میں سافٹ وئیر ٹیکنالوجی پارکس قائم کئے جائیں گے۔ ابتدائی طور پر ضلع سوات، چترال، مانسہرہ، بنوں کوہاٹ، ڈی آئی خان، کرک اور جنوبی وزیرستان میں سافٹ وئیر ٹیکنالوجی پارکس قائم کئے جائیں گے جبکہ اگلے مرحلوں میں صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی ایسے پارکس کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ مزید برآں پاکستان سافٹ وئیر ایکسپورٹ بورڈ صوبے میں آئی ٹی کی صنعت کی پائیداروں بنیادوں پر ترقی اور صوبے میں مقامی فری لانسرز اور انٹرپرینیورز کی استعداد بڑھانے کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی معاونت کرے گا، اسی طرح دونوں ادارے صوبے کے اعلی تعلیمی اداروں میں آئی ٹی کی صنعت اور اکیڈمیا کے درمیان روابط کو فروغ دینے کے سلسلے میں ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔

علاوہ ازیں پاکستان سافٹ وئیر ایکسپورٹ بورڈ صوبے کی آئی ٹی انڈسٹری کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اُجاگر کرنے میں آئی ٹی بورڈ کی معاونت کرے گا۔ صوبے میں سافٹ وئیر ٹیکنالوجی پارکس کے قیام سے یہاں آئی ٹی کی صنعت کو پائیدار بنیادوں پر ترقی دینے اور آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ نوجوانوں کو روزگا کے نئے مواقع فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کو صوبے میں آئی ٹی کے شعبے کی ترقی کے لئے ایک اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے وزیر اعلی نے اُمید ظاہر کی کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا یہ اشتراک نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک میں انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کو ترقی کی نئی منزلوں سے ہمکنار کرنے اور ڈیجیٹل اکانومی کے فروع میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ دونوں اداروں کے درمیان اس اہم اشتراک کار کو ممکن بنانے پر وزیر اعلی نے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق، ان کی پوری ٹیم اور خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے حکام کو مبارکباد پیش کی۔
<><><><><><>

<><><><><><>

وزیراعلیٰ کی ٹانک پریس کلب کے نومنتخب کابینہ کو مبارکباد


پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے ٹانک پریس کلب کے سالانہ انتخابات میں کامیابی پر پریس کلب کی نومنتخب کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ یہاں سے جاری اپنے تہنیتی پیغام میں وزیر اعلی نے اُمید ظاہر کی کہ پریس کلب کے نو منتخب صدر اور دیگر عہدیدار علاقے کے مسائل کو صوبائی اور قومی سطح پراُجاگر کرنے اور اعلی صحافتی اقدار کے فروغ کے لئے اپنی قائدانہ صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ مقامی صحافتی برادری نے نو منتخب کابینہ پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ اس اعتماد پر پورا اترنے اور صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے مخلصانہ کوششیں کرے گی۔
<><><><><><>

دریں اثنا گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان پیر کے روز ممبر قومی اسمبلی ناصر موسیٰ زئی کی رہائش گاہ پر گئے اور اُن سے اُن کے بھائی کی وفات پر تعزیت کی ۔ گورنر اور وزیراعلیٰ کچھ دیر غمزدہ خاندان کے ساتھ رہے اور مرحوم کی مغفرت کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ اُنہوں نے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اُن کیلئے صبر جمیل کی دُعا کی ۔


شیئر کریں: