Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سی آئی یو اور HOPE 87 کے درمیان ڈیجیٹلائزیشن منصوبوں کے حوالے ایم او یو پر دستخط

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) محکمہ سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی خیبرپختونخوا کے ذیلی ادارے کری ایٹیو انوویٹیویونٹ (سی آئی یو) اوربین الاقوامی فلاحی ادارے (HOPE 87) کے درمیان سائنس، ایجوکیشن اور دیگر ڈیجیٹلائزیشن منصوبوں کے حوالے سے آج پشاور کے مقامی ہوٹل میں وزیرتعلیم شہرام خان ترکئی اورمشیرسائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ بنگش کی موجودگی میں ایم او یو پر دستخط ہوئے۔ مفاہمتی یادداشت پردستخط سی آئی یو کے پراجیکٹ ڈائریکٹربلال جبار اور HOPE87 کے کنٹری ڈائریکٹر شعیب حیدر نے دونوں وزراء کی موجودگی میں کئے۔ ایم۔او۔یو کے تحت دونوں ادارے شراکتی بنیاد پر پاکستانی اورافغان پناہ گزین طلباء کی ٹیکنیکل ایجوکیشن پروگراموں میں واؤچرسکیم کے تحت داخلہ، گرلز کمیونٹی سکولز میں واؤچرکے اجراء، سکولوں سے باہر طلباء کو راغب کرنے کیلئے داخلہ مہم، سکول سیفٹی پروگرامز،آن لائن کورسز کیلئے پورٹل کے قیام اور سکولوں میں موجود آئی ٹی لیبز میں سیکنڈشفٹ پروگرامز کے اجراء پرکام کریں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرتعلیم شہرام خان ترکئی نے کہاکہ محکمہ تعلیم میں ڈیجیٹلائزیشن پالیسی پرعمل پیراہیں، تھیوری کیساتھ پریکیٹیکل پربھرپور توجہ دی جارہی ہے۔ سب طلباء کو ایک جیسی سہولیات فراہم کررہے ہیں، آئی ٹی لیبز اور آئی ٹی ٹیچرز سے مزید استفادہ حاصل کرنے میں یہ پروگرام بہت مفید ثابت ہوگا۔اور محکمہ تعلیم کی دونوں اداروں کیساتھ بھرپور معاونت ہوگی۔انہوں نے کہاکہ سمارٹ سکول سسٹم پلان پر کام کررہے ہیں جوکہ تعلیمی میدان میں ایک انقلاب ہوگا۔ مشیرسائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ خان بنگش نے اپنے خطاب میں کہاکہ وزیراعظم عمران خان آئی ٹی کو خصوصی توجہ دے رہے ہیں اوران کے وژن کے مطابق انقلابی اقدامات کی بدولت آئی ٹی سیکٹر خیبرپختونخوا کامیگاپراجیکٹ ڈیجیٹل سٹی ہری پور منظور ہوچکاہے۔اور پشاور ڈیجیٹل کمپلیکس پرکام جاری ہے جسکی تکمیل سے ہزاروں کی تعداد میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ جبکہ بین الاقوامی آئی ٹی کمپنیاں خیبرپختونخوا میں اپنے دفاتر بھی قائم کریں گی جس سے خیبرپختونخوا ایک آئی ٹی حب بن جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ سائنس اور آئی ٹی سیکٹر کے فروغ کے لئے محکمہ سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذیلی ادارے سی۔آئی۔یو کاقیام عمل میں لایاگیاتھا۔ جس کابنیادی مقصد انڈسٹری، اکیڈیمیا، ریسرچرز اور دوسرے اداروں کے مابین شراکت دارانہ تعلقات استوارکرنا اوردورجدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ ضروریات کو اجاگرکرناہے۔ انہوں نے کہاکہ اس یونٹ کے ذریعے ضرورت کے منصوبوں کی نشاندہی، اس کیلئے لائحہ عمل کی تیاری اورشراکت داری کے ذریعے منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔ ضیاء اللہ بنگش نے کہاکہ جتنے بھی بچے سکولوں سے باہر ہیں ان کو سکولوں میں لانے ان کوواؤچر دینے، ان کو ٹیکنیکل تربیت دینے، ڈیجیٹل سکلز سکھانے، اداروں کے درمیان آن لائن نظام متعارف کروانے اورکئی دیگراہم امورمیں ہم ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو تعاون فراہم کریں گے۔ اسی طرح دیگر اداروں کیساتھ بھی مختلف پارٹنرز اورسٹیک ہولڈرز کے ذریعے مختلف منصوبو ں پر کا م جا ری ہے۔ جبکہ حال ہی میں ہم نے 200 لڑکیوں کی آن لائن تربیت ٹیلی نارکیساتھ مکمل کی ہے جس سے خواتین کو ڈیجیٹل ملا زمتیں مل رہی ہیں۔ تقریب سے ہوپ 87 کے کنٹری ڈائریکٹرشعیب حیدر اور پشاور میں افغان قونصل جنرل نجیب اللہ احمدزئی نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں سی آئی یو ٹیم اورہوپ 87 کے نمائندوں اوردیگرمتعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
43510