Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ڈائریکٹوریٹ آف آرکائیوز کے زیر انتظام محفوظ کئے گئے معلوماتی مواد پبلک کرنے کا فیصلہ

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبر پختونخواحکومت نے ڈائریکٹوریٹ آف آرکائیوز اینڈ لائبریریز خیبرپختونخوا کے زیر انتظام محفوظ کئے گئے معلوماتی مواد مرحلہ وار پبلک کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی تحت آرکائیوز میں محفوظ معلوماتی مواد کو مرحلہ وار پبلک کیا جائے گا تاکہ عوام کو کتاب اور معلوماتی مواد تک رسائی مزید آسان بنایا جاسکے۔ مذکورہ فیصلہ وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش کی زیر صدارت ڈائریکٹوریٹ آف آرکائیوز اینڈ لائبریریز کے دورہ کے موقع پر کیا گیا۔

قبل ازیں، معاون خصوصی کامران بنگش نے ڈائریکٹوریٹ آف آرکائیوز اینڈ لائبریریز کے مختلف سیکشنز کا دورہ کیا جبکہ کارکردگی کا جائزہ بھی لیا، ڈائریکٹر آرکائیوز اینڈ لائبریریز خیبرپختونخوا ظاہراللہ کی جانب سے معاون خصوصی کو بریفنگ دی گئی جس میں سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن، آرکائیوز اینڈ لائبریریز داود خان سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک رہے۔ڈائریکٹر ظاہر اللہ نے بریفنگ دئیے ہوئے اجلاس کو آگاہ کیا کہ آرکائیوز اینڈ لائبریریز نے اب تک تقریباً 25 فیصد مواد ڈیجیٹلائز کر دیا ہے جبکہ اس وقت 2500 ایسے فعال ممبرز ہیں جو کتاب پڑھنے کے لیے ریگولر لائبریری آتے ہیں۔ ڈائریکٹر آرکائیوز اینڈ لائبریریز خیبرپختونخوا نے معاون خصوصی کو مزید ڈیٹا محفوظ بنانے، ڈائریکٹوریٹ کے لیے مزید انفراسٹرکچر، ورک فورس، ترقیاتی منصوبوں سمیت درپیش چیلنجز سے تفصیل سے آگاہ کیا۔

معاون وزیراعلی کامران بنگش نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مطالبے پر فوری طور پر حیات آباد سمیت پورے صوبے میں عوامی لائبریریاں قائم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف آرکائیوز اینڈ لائبریریز خیبرپختونخوا میں سٹاف کی کمی کو پوری کرنے کے لیے جلد از جلد کاغذی کارروائی مکمل کی جائے، تاکہ عوام کو کتابی ماحول فراہم کرنے میں کوئی کسر باقی نہ رہ جائے۔ معاون خصوصی کامران بنگش نے مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مفاد کی خاطر پرائیویٹ ڈاکومنٹس کو ایک ترتیب کی تحت مرحلہ وار پبلک کیا جائے۔ جبکہ لائبریریز میں بین الاقوامی معیار فراہم کرنے کے لیے باہر ممالک کی لائبریریوں کے ساتھ رابطے مزید مضبوط کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ اکثر قارئین کتاب اپنے ساتھ لے جاتے ہیں یا انتظامیہ کی اجازت کے بغیر کتاب واپس فراہمی میں کوتاہی کا شکار ہوجاتے ہیں اس کے متعلق بھی بین الاقوامی معیار مقرر کیا جائے۔بریفنگ اجلاس سے اپنے خطاب میں معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلی ریڈنگ پالیسی مرتب کرنے جا رہے ہیں، اس کے لیے قائم کردہ کمیٹی اپنا کام تیز کردیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء اے پی ایس لائبریری کا جدید خطوط پر تزئین و آرائش کیا جائے، تاکہ یہاں پر مطالعہ کے لیے آنے والے افراد کو بہترین ماحول فراہم کیا جا سکے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
43429